سری نگر، 26 جولائی (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کشمیر یونٹ نے جمعہ کے روز یہاں جواہر نگر میں واقع پارٹی ہیڈ کوارٹر پر کرگل وجے دیوس انتہائی جوش وخروش اور عقیدت سے منایا۔
یونٹ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا: ‘کرگل جنگ کے دوران ہندوستانی مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جواہر نگر ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوئی جس میں پارٹی کے کئی لیڈروں اور کارکنوں نے شرکت کی’۔انہوں نے کہا: ‘پروگرام کا آغاز ملک کے لئے زندگیاں نچھاور کرنے والے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے سے ہوا’۔ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کے سینئر لیڈروں نے تقریب سے خطاب کیا اور کرگل وجے دیوس کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔
بیان میں کہا گیا کہ بی جے پی لیڈروں نے جوانوں کی قربانیوں کو یاد رکھنے کی اہمیت اور ان کے اہلخانہ کو مدد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کرگل فتح کی سٹریٹجک اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس فتح سے قوم مسلسل متاثر ہو رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ تقریب کے دوران شرکا نے وطن اور فوج کے حق میں نعرہ بازی کی جس سے حب الوطنی کا ماحول چھا گیا۔تقریب سے جن لیڈروں نے خطاب کیا ان میں بی جے پی میڈیا انچارج کشمیر ایڈوکیٹ ساجد یوسف شاہ، جنرل سکریٹری اقلیتی مورچہ بٹ امتیاز، پربھاری جموں وکشمیر اقلیتی مورچہ شیخ بشیر وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
بتادیں کہ 26 جولائی کو سال 1999 میں کرگل میں پاکستانی فوج پر ہندوستانی فوج کی فتح کو کرگل وجے دیوس کے طور پر منایا جاتا ہے۔سال 1999 میں پاکستانی فوج اور مختلف تنظیموں کے ملی ٹنٹوں نے دراس سے بٹالک تک لائن آف کنٹرول پر کئی چوٹیوں پر قبضہ کیا تھا۔
بعد ازاں ہندوستانی فوج نے فضائی فوج کی مدد سے پاکستانی فوج اور در اندزوں کو پیچھے دھکیل دیا تھا اور تین ماہ کی جنگ کے بعد ان چوٹیوں پر واپس اپنا قبضہ جمایا تھا۔