کہا کہ بی جے پی نے عوام سے خاص طور پر اقلیتی طبقہ سے صرف جھوٹے وعدے کئے
لازوال ڈیسک
سانبہ //ریاستی کانگریس پارٹی کے ضلع سانبہ کے صدر سنجیو شرما نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے جموں کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اور جلد ہی پارٹی کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ کانگریس ضلع سانبہ کے صدر سنجیو شرما نے یہ جملہ سانبہ اسمبلی کے تحت دور دراز کے علاقے ایس ٹی بستی میں منعقدہ ایک اجلاس میں کہا۔ اس میٹنگ میں ایس ٹی بستی کے لوگوں کی بڑی تعداد نے ضلع صدر سنجیو شرما کی صدارت میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور کانگریس پارٹی کی حمایت کرنے کی بات کہی۔ وہیںلوگوں سے خطاب کرتے ہوئے سنجیو شرما نے ایس ٹی بستی کے لوگوں سے کہا کہ بی جے پی نے عوام سے خاص طور پر اقلیتی طبقہ سے صرف جھوٹے وعدے کئے۔ زمینی حقیقت یہ ہے کہ اب جموں کے عوام ان لیڈروں کے اصلی چہرے سے پوری طرح واقف ہیں۔ اقلیتی برادری ہمیشہ بی جے پی کی نظر اندازی کا شکار رہی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ یہ وقت عوام کے درمیان جانے اور انہیں پارٹی کی پالیسیوں سے روشناس کرانے کا ہے۔ کیونکہ زمینی حقیقت یہ ہے کہ اب ریاست میں بی جے پی کا گراف دن بہ دن گر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں میں عارضی طور پر کام کرنے والے ملازمین کو بھی دھوکہ دیا گیا ہے۔ آزادی کے بعد ملک میں بے روزگاری کی شرح سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ سنجیو شرما نے کہا کہ صرف کانگریس ہی تمام طبقات کو ساتھ لے کر چل سکتی ہے اور اسمبلی یکساں ترقی حاصل کر سکتی ہے۔ اس موقع پر ضلع نائب صدر بلرام کنڈل، سینئر قائدین رشپال، ونود کمار، اویناش عتری موجود تھے۔