بی جے پی حکومت کی 10 سال کی غلط حکمرانی نے لوگوں کے لیے صرف مصائب ہی لائے: رتن لال گپتا

0
0

بی جے پی کی بدانتظامی سے نجات کے لیے این سی امیدوار میاں الطاف احمد کی حمایت کریںاور ووٹ دیں: اعجاز جان
۳لازوال ڈیسک
پونچھ؍؍بی جے پی کے ذریعہ اچھے دنوں کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اچھے دن لانے کے بجائے مرکز کی حکومت نے ملک کے عام لوگوں کے لئے صرف مصائب ہی لائے ہیں۔یہ بات جے کے این سی کے صوبائی صدر رتن لال گپتا نے آج یہاں این سی امیدوار میاں الطاف احمد کی انتخابی مہم کے دوران بلاک لوران اور پونچھ شہر میں سلسلہ وار میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرصوبائی صدر یوتھ و سابق ایم ایل اے اعجاز جان، راکیش سنگھ راکا نائب صدر سنٹرل زون اور پارٹی قائدین بھی موجود تھے۔
وہیں اجتماع سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے، رتن لال گپتا نے دیہی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو نظر انداز کرنے کے لیے موجودہ نظام کی مذمت کی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ برسراقتدار حکومت مسلسل دو مرتبہ مینڈیٹ حاصل کرنے کے باوجود جموں و کشمیر کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں کے دوران ایل پی جی کی قیمت دوگنی سے بھی زیادہ ہو گئی ہے، بے روزگاری نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور جموں و کشمیر بے روزگاری کے چارٹ میں سرفہرست ہے، مرکزی حکومت وعدے کے مطابق سالانہ 2 کروڑ نوکریاں پیدا کرنے میں ناکام رہی، کرپشن عروج پرہے، بھرتی گھوٹالوں سے بہت زیادہ نقصان اٹھایا ہے ، کسان خودکشی کر رہے ہیں، صنعتوں کے لیے کوئی پالیسی نہیں، صحت کی سہولیات بیک فٹ پر ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والوں کو غیر انسانی سلوک کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
رتن لال نے ووٹروں پر زور دیا کہ وہ این سی امیدوار میاں الطاف احمد کی حمایت کریں اور ان کے حق میں ووٹ دیں۔انہوں نے کہاکہ آپ کا ووٹ ہمارے بچوں کے بہتر مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ہے اورووٹ ڈالتے وقت ہوشیار رہیں، یاد رکھیں آپ کا ایک ووٹ دیہی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی زندگی بدل سکتا ہے، ایسا نہ ہونے پر ہماری آنے والی نسلیں ہمیں اورہماری غلطیوں کو نہیں بھولیں گی۔
اس دوران یوتھ جے کے این سی کے صوبائی صدر اعجاز جان نے کہا کہ بی جے پی نے انتخابات سے پہلے اپنے کھوکھلے وعدوں سے عوام کو بے وقوف بنایا ہے اور اب جموں و کشمیر کے عوام کو احساس ہو گیا ہے کہ انہیں بھگوا پارٹی نے مکمل طور پر دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی عدم موجودگی کا سامنا ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت نے اپنی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے عملی طور پر عام لوگوں کی کمر توڑ دی ہے جس کے نتائج سب کو آسانی سے نظر آ رہے ہیں۔
اعجاز جان نے 2014 سے سڑکوں کی خستہ حالی، خاص طور پر پونچھ تا لورن روٹ پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑکیں خوفناک حالت میں ہیں، جو مسافروں کی حفاظت کو خطرے میں ڈال رہی ہیں اور رابطے میں رکاوٹ ہیں، جو دیہی علاقوں کے تئیں حکومت کی سنجیدگی کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ صرف نیشنل کانفرنس ہی ایک متحرک، ترقی پسند اور متحدہ جموں و کشمیر کے اپنے وژن کے ساتھ جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں کو پورا کر سکتی ہے۔اس موقع پر حاجی باغ حسین، چوہدری مقصود، محمد افضل شیخ، ایڈووکیٹ ضمیر قریشی، ذاکر حسین، شمیم صاحب، سابق سرپنچ خلیل، سابق سرپنچ حنیف، پیر یٰسین، جبار ،رستم صاحب، بشیر صاحب، عبدالحق اور دیگر شامل تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا