کہا ہماری کامیابی ہے کہ کشمیر میں لوگ امن اور خوشحالی کے قیام کے لیے آگے آ رہے ہیں
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ جموںو کشمیر بی جے پی کی ترجمان اور جے ایم سی کی سابق ڈپٹی میئر ایڈو پورنیما شرما نے زور دے کر کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے اپنی حکومت کے دوران یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ملک سے خاص طور پر جموں و کشمیر میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔ آج یہاں میڈیا کو جاری ایک بیان میں، سینئر بی جے پی لیڈر نے کولگام میں 5 دہشت گردوں اور راجوری اور اْڑی میں دیگر کے مارے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردوں کا قلع ختم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ دہشت گردی سے متعلق ہر معاملے کی تفصیل کے ساتھ اب ہر پہلو کی چھان بین کی جا رہی ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ نہ صرف دہشت گرد مارے جائیں اور وہ تمام لوگ جو انہیں پناہ دیتے ہیں، انہیں رسد فراہم کرتے ہیں اور نشانہ بنائے جانے والے شخص کی شناخت میں ان کی مدد کرتے ہیں،ان پر کاروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے یوٹی انتظامیہ کے ساتھ ہم آہنگ کارروائی میں دہشت گردی کی مالی اعانت میں سرکاری اور غیر سرکاری چینلز کے استعمال کو صفر کر دیا ہے۔پورنیما نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ کشمیر میں لوگ امن اور خوشحالی کے قیام کے لیے آگے آ رہے ہیں۔