لازوال ڈیسک
کشتواڑ؍؍نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اجیت بھگت نے کہا کہ موجودہ حکومت جس کی قیادت لیفٹیننٹ گورنر اور چیف سکریٹری کر رہے ہیں وہ درج ایس سی اور ایس ٹی برادریوں کے ساتھ ساتھ سماج کے کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی کمیونٹیز اور دیگر پسماندہ برادریوں نے گزشتہ انتخابات میں مرکز میں برسراقتدار حکومت کے لیے بھاری اکثریت سے ووٹ دیا تھا لیکن بی جے پی پارٹی ان کے مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ بھگت نے ایس سی ، ایس ٹی کمیونٹیز کے تئیں منفی رویہ کے لیے جموں و کشمیر انتظامیہ کے خلاف سخت مایوسی کا اظہار کیا اور الزام لگایا کہ موجودہ انتظامیہ سماج کے اس طبقے کے اہم مسائل کو حل کرنے کے لیے کم سے کم تشویش کا مظاہرہ نہیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی حکومت ایس سی ، ایس ٹی اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔