نئی دہلی، //راجیہ سبھا کے چیئرمین اور نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ کا منگل کو پارلیمنٹ احاطے میں مذاق اڑانے کی سرگرمیوں کا ویڈیو بناکر اسے سوشل میڈیا پر چلانے کے لئے حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ارکان اور وزراء نے ایوان میں شدید مذمت کرتے ہوئے وقفہ سوال میں کھڑے ہوکر کارروائی میں حصہ لیا۔
آج راجیہ سبھا میں صبح چار بارکے التوا کے بعد وقفہ سوال شروع ہونے پر پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے اپوزیشن ارکان کے نعرے بازی کے درمیان چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا کے رکن راہل گاندھی نے ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر نشر کیا ہے جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس لیڈر نےآئینی عہدے کے ساتھ ہی ایک کسان کے بیٹے اور ایک جاٹ کی توہین کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ 20 سال سے وزیر اعظم نریندر مودی کی توہین کر رہے ہیں کیونکہ وہ بھی ایک پسماندہ ذات سے تعلق رکھتے ہیں۔ مسٹرجوشی نے کہا کہ ان لوگوں نے صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کی بھی درج فہرست قبائل سے تعلق کی وجہ سے ان کی توہین کرچکے ہیں۔
پارلیمانی امور کے وزیر نے کہا کہ نائب صدر کے عہدے پر فائز شخص کی توہین کرنے پر صدر، وزیر اعظم اور لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے بھی اس کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے اس عمل اور چیئرمین کے احترام میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے تمام ارکان اور وزراء ایوان میں کھڑے ہو کر وقفہ سوال میں حصہ لیں گے۔
اس کے بعد سوالیہ وقفہ شروع ہوا۔ ایک سوال کے بعد چیئرمین نے کھڑے ارکان اور وزراء سے بیٹھ کر کارروائی میں شرکت کی اپیل کی جس پر تمام ارکان اپنی نشستوں پر بیٹھ گئے۔