پروفیسر اکبر مسعود نے پیر پنجال علاقے میں غیر دریافت شدہ مقامات کو فروغ دینے کی ضرورت پردیا زور بی جی ایس بی یو نے ایکو ٹورزم پر لیکچر کا اہتمام کیا
لازوال ڈیسک
راجوری؍؍بی جی ایس بی یونیورسٹی کے مرکز برائے مہمان نوازی اور سیاحت نے ایکو ٹورازم اور پائیدار ترقی کے موضوع پر ایک توسیعی لیکچر کا اہتمام کیا۔ اس لیکچر کا انعقاد سینٹر فار ہاسپیٹلٹی اینڈ ٹورازم کے لیکچر سیریز ’ٹاک ٹورازم‘ اقدام کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا تھا تاکہ طلبائ، ریسرچ اسکالرز اور فیکلٹی ممبران میں مہمان نوازی اور سیاحت کے شعبے میں تازہ ترین رجحانات اور طریقوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جاسکیں۔وہیں اس موقع پر یہ لیکچر ڈاکٹر ممتا بھٹ، سینئر اسسٹنٹ پروفیسر آف انوائرمنٹل سائنسز،سی بی ایس ، بی جی ایس بی یو نے دیا۔اس موقع پریونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اکبر مسعود نے لیکچر کے انعقاد پر سنٹر کو مبارکباد دی۔ پروفیسر اکبر نے ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور خاص طور پر جموں و کشمیر کے پیر پنجال علاقے میں غیر دریافت شدہ مقامات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ پروفیسر اکبر نے ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے اور اس کی حمایت کے لیے قومی ترجیحات اور قانون سازی کے مطابق جہاں ضروری ہو، مناسب رہنما خطوط اور ضوابط کے قیام کی اہمیت کا ذکر کیا۔وہیںسیاحت کی صنعت پر اثرانداز ہونے والی عالمی تبدیلیوں کا خاکہ پیش کرتے ہوئے، ڈاکٹر ممتا نے ماحولیاتی سیاحت کے بہت سے فوائد، موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کی اس کی صلاحیت اور پائیدار ترقی کی طرف تبدیلی کے لیے آگے بڑھنے والے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ذکر کیا کہ ماحولیاتی سیاحت تحفظ، کمیونٹیز اور پائیدار سفر کو متحد کرنے کے بارے میں ہے۔قبل ازیں ڈاکٹر دانش اقبال رینا، ڈپٹی ڈائریکٹر، سینٹر فار ہاسپیٹیلیٹی اینڈ ٹورازم نے پائیدار سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایکو ٹورازم کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے اور مقامی ثقافت اور مصنوعات کو فروغ دیتی ہے۔