لازوال ڈیسک
جموں ؍؍ جموں و کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز میں گوجری کے چیف ایڈیٹر اور معروف اسکالر ڈاکٹر جاوید راہی کو ایک بار پھر گوجری سیکشن کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ڈاکٹر راہی اس پہلے بھی کئی برسوں تک یہ ذمہ داری بحسن و خوبی انجام دے چکے ہیں جس دوران گوجری زبان کی سینکڑوں کتابیں چھپ کر منظر عام پر آئی تھیں مگر اس کے بعد یہ شعبہ جمود کا شکار ہو گیا تھا اور اشاعتِ کتب کے حوالے سے کوئی کارہائے نمایاں انجام دینے میں ناکام رہا۔ڈاکٹرجاویدراہی نے شعبے میں اپنی واپسی پرایک فیس بک پوسٹ میں لکھا’…Back…‘اوراپنے چاہنے والوں وگوجری ادیبوں کوخوشخبری سنائی جس پر انہیں مبارکبادی پیغامات کانہ تھمنے والاسلسلہ جاری وساری ہے۔
https://en.wikipedia.org/wiki/Javaid_Rahi
ڈاکٹر جاوید راہی کو بطور مدیر وسیع تجربہ ہے اور ان کی نگرانی میں تین سو سے زائد کتابیں چھپ کر منظر عام پر آ چکی ہیں۔راہی جموں وکشمیر کے قبائلی بالخصوص گجر بکروال قبیلے کی تہذیب وثقافت ، طرزِ زندگی اور گوجری زبان وادب کے حوالے سے اتھارٹی مانے جاتے ہیں جو ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں منعقد ہونے والی قبائلی کانفرنسوں میں جموں و کشمیر کی نمائندگی کر چکے ہیں۔گوجری زبان کو انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سے متعارف کرانے میں ڈاکٹر جاوید راہی کا کلیدی کردار ہے اور یْو ٹیوب پر موصوف کے پروگرام دنیا بھر میں دیکھے جاتے ہیں۔ڈاکٹر راہی اس وقت کلا کیندر سوسائٹی جموں کے سیکرٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
مختلف ادبی تنظیموںواکائیوں کے ساتھ ساتھ رانی گوجری فاؤنڈیشن نے کلچرل اکیڈمی کی گوجری سیکشن کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے پر ڈاکٹر جاوید راہی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے حکومت کے اس فیصلے کی سراہنا کی ہے۔رانی گوجری فاؤنڈیشن کی ٹیم کے جملہ اراکین بشمول رانا ابرار کھٹانہ ،اشتیاق احمد مصباح ،ارشاد فدائی ،جاوید مسرور ،اقبال حیات ،بلال زم زم،ممتاز احمد چوہدری ،صدام صارف اور فیصل رضا نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جاوید راہی جیسے باصلاحیت اور قابلِ افسر کی سربراہی میں گوجری سیکشن ماضی قریب کی طرح دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے گی اور ایک مرتبہ پھر کتابوں کی اشاعت کا سلسلہ شروع ہوگا جس سے گوجری قلمکاروں کی تخلیق منظر عام پر آ سکیں گی۔ نیز انہوں نے یقین ظاہر کیا ہے کہ ڈاکٹر جاوید راہی ثقافتی میلوں ؛ ادبی کانفرنسوں کے ساتھ ساتھ گوجری زبان سے متعلق ورک شاپ اور رائٹرس ورکشاپوں کا سلسلہ بھی بحال کریں گے اور کلچرل اکیڈمی میں گوجری قلمکاروں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے میں فعال ثابت ہونگے۔