لازوال ڈیسک
راجوریباباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں شعبہ ریاضیات کے زیر اہتمام اور محکمہ سماجی فلاح وبہبود کی اسکیم ”بیٹی بچاو،بیٹی پڑھاو“کے مالی تعاون سے ایک روزہ کانفرنس کاانعقاد کیا گیا جس میں کل24تعلیمی اداروں نے شرکت کی۔300طلبہ نے حاضری دی۔اسکول،انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ نے اس کانفرنس میں شریک ہوکر اپنی تحریری اور تقریری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔کل 60ٹرافیاں بانٹی گیں۔یہ کانفرنس اس مقصد کے تحت منعقد کی گئی تھی کہ اسکول،کالج اور یونیورسٹی کے طالب علموں میں علم ریاضی کے فوائد اور انسانی زندگی میں اس کی اہمیت وافادیت کا شعور پیدا کیاجائے۔طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں کو چانچنے پرکھنے اور ان میں علمی جوہر کو ایک معیار کے ساتھ سامنے لانے کے لیے تحریری اور تقریری مقابلہ کروایا گیا۔پہلی پوزیشن ہمالین مشن اسکول راجوری نے حاصل کی۔دوسری ماڈرن انسٹی ٹیوٹ ڈھانگری کے طالب علم انی رودھ اورتیسری پوزیشن بلال احمد نے حاصل کی۔کانفرنس میں شریک تمام طلبہ نے علم ریاضی کے بارے میں اپنی بہتر معلومات بہم پہنچائی۔اسی کانفرنس کے تحت طلبہ وطالبات نے بیٹی بچاو،بیٹی پڑھاو،کے موضوع پر پر جوش تقاریر سے سامعین کو یہ احساس دلایا کہ بیٹیاں گھروں کی زینت ہوتی ہیں۔اور جس گھر میں بیٹی نہیں ہوتی وہ بے رونق ہوتا ہے۔کانفرنس کے اختتامی مرحلے میں بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی ارجوری کے وائس چانسلر جناب پروفیسر جاوید مسرت،رجسٹرار جناب پروفیسر اقبال پرویز اور پرنسپل انجینیرنگ کالج جناب اصغر غازی ایوان صدارت میں موجود تھے۔اس موقعے پہ ڈاکٹر ظہیر عباس صدر شعبہ ریاضیات کی علم ریاضی سے متعلق تصنیف کردہ کتاب”Elementary Real Analysis ” کی رسم رونماءبھی انجام دی گئی۔ جناب اصغر غازی نے علم ریاضی سے متعلق فرمایا کہ یہ مضمون ایک بنیادی مضمون کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کی ضرورت ہر وقت اور ہر فرد کو ہے۔پروفیسر پرویز اقبال صاحب نے شعبہ ریاضیات کے صدر جناب ڈاکٹر ظہیر عباس اور ان کے فیکلٹی ممبران کو مبارک باد دی اور فرمایا کہ علم ریاضی کے بغیر ہم زند گی کی راہوں میں قدم نہیں رکھ سکتے۔یہ ایک ایسامضمون ہے جو بہت ہی اہم اور مفید ہے کیونکہ آج کل کے دور میں اس کی اہمیت وافادیت اور زیادہ بڑھ گیءہے۔انھوں نے بیٹیوں کی سماج اور زندگی میں کیا اہمیت ہے کے بارے میں بھی اپنے بصیرت افروز خیالات کا اظہار کیا۔انھوں نے فرمایا کہ اس طرح کے پروگرام منعقد کروانے کا سلسلہ جاری رہنا چاہے تاکہ طلبہ زیادہ سے زیادہ عصری علوم سے آگہی حاصل کرسکیں۔وائس چانسلر جناب پروفیسر جاوید مسرت صاحب نے اپنے صدارتی خطبے میں شعبہ ریاضیات کے صدر ڈآکٹر ظہیر عباس اور ان کے ساتھیوں کو اپنے شعبے کی ساتویں کانفرس منعقد کروانے پر مبارک باددی اور فرمایا کہ وہ تمام طلبہ مبارک باد کے مستحق ہیں جنھوں نے اس کانفرنس میں حصہ لیا اور امتیاز حاصل کیا۔علم ریاضی کے بارے میں انھوں نے فرمایا کہ یہ سبجیکٹ ایک ایسا سبجیکٹ ہے جس کے بغیر زندگی کی گاڑی چلنا ناممکن ہے۔انھوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ شعبہ اپنی علمی اور پیشہ وارانہ سرگرمیوں کی انجام دہی کے سلسلے میں نہایت فعال ہے۔نظامت کے فرائض ڈاکٹر ظہیر عباس نے انجام دیے اور شکریے کی رسم ڈاکٹر جاوید اقبال سینیر اسسٹینٹ پروفیسر نے بڑی خوش اسلوبی سے انجام دی۔