جے کے بینک کی کارکردگی میں بہتری لانے پر گورنر کا زور
یواین آئی
سرینگر؍؍جمو ںوکشمیر بینک کے چیئرمین آر کے چِبر نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کر کے بینک سے جُڑے کئی معالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔آر کے چبر نے بینک کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے او رصارفین کو فراہم کی جانے والی خدمات کو جدیدیت سے لیس کرنے کے لئے بینک کی جانب سے اُٹھا ئے گئے اقدامات کے بارے میں گورنر کو آگاہی دی۔ اُنہوں نے بینک کے انضمام سے متعلق پھیلائی جارہی خبروں کے بارے میں بھی گورنر کے ساتھ تفصیلاً بات کی اور کہا کہ بینک کی بنیاد یں کافی مضبوط ہیں اور اس کے کسی دوسرے بینک کے ساتھ انضمام کا کوئی امکان نہیں ہے۔چیئرمین نے کہا کہ پنجاب اینڈ مہاراشٹر بینک میں پیش آئے واقعات سے صارفین میں تشویش کی لہر دوڑ کئی ہے تاہم اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بینک کے انضمام کی خبریں بالکل بے بنیاد ہیں ۔ انہوں نے یقین دِلایا کہ بینک بالکل محفوظ ہاتھوں میں ہے اور 12 ہزار سے زائد پیشہ ور افراد بینک کا نظام احسن طریقے پر چلارہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بینک کے ریاست میں 65 فیصد مارکیٹ حصص ہیں جبکہ بینک کے 12 ملین سے زائد اکائونٹ ہولڈر ہیں اور بینک 1.65 لاکھ کروڑ رپوے کا کاروبار کرتا ہے۔اُنہوں نے صاف کیا کہ چند برس قبل فراہم کئے گئے کچھ قرضوں کے کھاتے NPAمیں تبدیل ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے۔چیئرمین نے جموں و کشمیر کی حکومت ، جس کا بینک میں 59 فیصد حصہ ہے، کا شکریہ ادا کیا۔گورنر نے بینک کی ترقی کے لئے کئے جارہے اقدامات کے لئے بینک انتظامیہ کی سراہنا کی ۔ اُنہوں نے امید ظاہر کی کہ بینک ترقی کے مزید منازل طے کرے گا۔گورنر نے کہا کہ لوگوں کی خدمت میں جموں وکشمیر بینک کی تاریخ سنہری ہے اور بینک نے لوگوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ بے روزگاری پر بھی کافی حد تک قابو پانے میں قابلِ سراہنا رول ادا کیا ہے۔ اُنہوں نے چیئرمین موصوف سے تلقین کی کہ وہ بینک کی ترقی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔گورنر نے بینک کی ترقی کے لئے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔