زائدازتین برس سے ملک وجموںوکشمیرنے کوروناجیسی خطرناک وباء کادوردیکھااوراس دوران صحت وطبی تعلیم کے شعبہ جات میں بے پناہ تبدیلیاں آئیں،ملکی سطح پرمرکزی حکومت نے صحت کے شعبے کوترجیحات میں رکھتے ہوئے نئے اسپتالوں کی تعمیرہویاموجودہ اسپتالوں میں بنیادی ڈھانچے کی فراہم ،ہرمیدان میںبہترسے بہترکرنے کی کوشش کی۔کروڑوں نہیں اربوں روپے خرچ ہوئے، ایمزکی تعمیرمیں سرعت لائی ، لیکن جہاں تک دیہی عوام کاتعلق ہے اس معاملے میں نہ مرکزی اورنہ ہی یوٹی انتظامیہ نے سنجیدگی دکھائی اور ایسالگتاہے جیسے سب کچھ شہر کے باسیوں کیلئے ہی ہوتاہے دیہی عوام کی جانوں کی قیمت کچھ نہیں ہوتی، اس شرمناک امتیاز کی کئی مثالیں سامنے آتی رہتی ہیں جہاں سب سینٹروں،پرائمری ہیلتھ سینٹروں اور سب ضلع اسپتالوں یہاں تک کہ ضلع اسپتالوں میں بھی ڈاکٹروں،نیم طبی عملہ و بنیادی ڈھانچے کی کمی کی رپورٹیں ایک معمول بن گئی ہیں،بیچارے دیہی عوام کوکسی طبی ایمرجنسی کی صورت میں صرف ’ریفر‘کافرمان ملتاہے اورریفرکرنے کیلئے بھی ایمبولینس نایاب ہوتی ہیں اوراللہ کے بھروسے پرغریبوں چھوڑ دیاجاتاہے،طبی نظام کی بدحالی کی ایک مثال غلام احمد میموریل سب ضلع ہسپتال منڈی ہے ،جس کی بہترین عمارت ہے اور بہترین سہولیات کے باوجود یہاں آنے والے سینکڑوں مریض شدید ترین مشکلات سے دوچار ہیں۔اس پریشانی کی اصل وجہ یہاں پر ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کی شدید قلت ہے۔ یہاں پر متبادل جگہوں سے یہاں مرکزیت کو دیکھتے ہوئے جن ڈاکٹروں اور عملہ کو یہاں اٹیچ کیاگیاتھا۔ان کو بھی اپنے اصل مقام پر بھیجاجاچکاہے۔ اب حالت یہ ہوچکی ہے کہ یہاں الٹراسائونڈ بند پڑاہے۔ یہاں خاتون ڈاکٹر بھی نہیں ہے۔ یہاں جن دو ڈاکٹروں کو اٹیچ کیاگیاتھا۔انہیں بھی اپنی اصل جگہ پر بھیج دیاگیاہے۔حالت اس قدر ابتر ہوچکی ہے کہ اب الٹراسائونڈ کے لئے پونچھ ریفر کیاجارہاہے۔ عام مریضوں نے بتایاکہ یہاں الٹراسائنڈ بند ہے۔ہمارے نمائندے نے اس ضمن میں وہاں کے عوامی نماندگان کے تلخ تاثرات کیساتھ ایک رپورٹ بھیجی تھی جس میں لوگوں نے ڈائریکٹرہیلتھ سروسز ودیگرمتعلقین کی منڈی کے اس اہم اسپتال کے تئیں عدم توجہی پرشدیدغصے کااِظہارکیاہے،یہ معاملہ صرف ایک منڈی تک محددود نہیں ،تقریباًہردورافتادہ علاقے میں صحت کانظام بکھراپڑاہے جویہ ثابت کرتاہے کہ صحت خدمات کے محکمہ نے وبائی قہرسے کوئی سبق نہ سیکھاجوافسوسناک اورلمحۂ فکریہ ہے۔