سڑک رابطہ پر ناقص کام پر عوام نے اٹھائے سوال، متعلقہ محکمہ کی طرف سے کام کو بہتر کرنے کی یقین دہانی
بابر فاروق
کشتواڑ؍؍ضلع کشتواڑ کے علاقہ پلماڑ میں بھدرن تا دجی سڑک رابطہ پر اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے جس پر تیلن پلماڑ کے رہائشیوں نے اعتراض اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک پر ناقص کام کیا جا رہا ہے اور ایک مقام صیح طریقے سے کام نہ کرنے کی وجہ سے ہمارے رہائشی مکانات میں بارشوں کے دوران پانی آنے کا خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی بارشوں کی وجہ سے پانی کا بہاؤ بڑھنے کی وجہ سے ہمارے رہائشی مکانات میں پانی داخل ہوا جس کے سبب ہمیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ متعلقہ پنچایت کے نائب سرپنچ شیخ توصیف نے بھی زیر مرمت سڑک رابطہ کا دورہ کیا اور کام کاج کا جائزہ لیا۔ شیخ توصیف کا کہنا ہے کہ کام بلکل ناقص ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک پر چارکول بچھانے کے لیے اس کو بہتر طریقے سے تیار کرنے کے بجائے مٹی کا زیادہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ کی نوٹس میں مسلہ لانے پر محکمہ کے جونیئر انجینئر کو موقع پر بھیجا گیا اور انہوں نے کام کاج کا جائزہ لیا۔ شیخ توصیف نے کہا جونیئر انجینئر نے ٹھیکیدار کو ضابطہ کے تحت کام کرنے کو کہا۔ انہوں نے کہا کہ جونئیر انجینئر نے یقین دلایا کہ سڑک کو بہتر طریقے سے تعمیر کیا جائے گا تاکہ عوام کو کسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر انچارج پولیس پوسٹ پتمھال پلماڑ بھی موجود رہے۔