تنظیم کا مقصد طلباء کو جدید تعلیم سے روشناس کرانا اور موجودہ معاشی ترقی کے مطابق اسے آسانی سے بچوں تک پہنچاناہے:مقررین
لازوال ڈیسک
ادھم پور؍؍ سنت ایشور فاؤنڈیشن کے زیراہتمام چلنے والے بھارتیہ ودیا مندر نینسو میں آج یکم مئی کو سالانہ تہوار کا ایک عظیم الشان پروگرام منعقد کیا گیا۔ جموں و کشمیر کے ادھم پور ضلع کے نینسو میں واقع سنت ایشور کمپلیکس میں منعقد ہونے والی تقریب میں ملک بھر سے سماجی کارکنوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کی۔وہیں مدعو مہمانوں میں شری شری 1008 مہامنڈلیشور سوامی اکشرانند گری جی مہاراج نرنجن ویدانتا سنیاس آشرم کے ساتھ سنت ایشور فاؤنڈیشن کے صدر کپل کھنہ، ودیا بھارتی جموں کے ریجن آفیسر وید بھوشن شرما، پرنسپل رینو شرما سمیت کئی معززین کے ساتھ نمایاں طور پر موجود تھے۔
وہیںآرگنائزنگ کمیٹی کی جنرل سکریٹری ورندا کھنہ نے کہاکہ سنت ایشور بھارتیہ ودیا مندر، ایک خیراتی اسکول جو سنت ایشور فاؤنڈیشن کے زیر انتظام ہے، جموں اور کشمیر کے ادھم پور ضلع میں امید کی کرن کے طور پر کھڑا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس تنظیم کا مقصد طلبہ کو جدید تعلیم سے روشناس کرانا اور موجودہ معاشی ترقی کے مطابق اسے آسانی سے بچوں تک پہنچانا ہے۔انہوں نے کہاکہ سنت ایشور کیمپس میں تقریباً دس ایکڑ اراضی پر واقع یہ تعلیمی ادارہ آلودگی سے پاک ماحول میں آس پاس کے 20 سے زیادہ دیہاتوں کے بچوں کے لیے ایک قیمتی وسائل کے طور پر کام کرتا ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ یہ ہمہ جہت تعلیم فراہم کرنے کے لیے ہندوستانی روایتی ثقافت کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ جوڑتا ہے۔
واضح رہے سنت ایشور بھارتیہ ودیا مندر کو جموں و کشمیر انتظامیہ نے تسلیم کیا ہے۔ یہ نہ صرف ضلع ادھم پور میں ایک مثالی ادارے کے طور پر کھڑا ہے بلکہ ہندوستان میں تعلیم کے مجموعی منظر نامے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ ہندوستانی ثقافت پر زور دیتے ہوئے معیاری تعلیم کے ذریعے طلباء کو بااختیار بنانے کی کوشش کرتا ہے اور انہیں مسلسل بدلتی ہوئی دنیا میں کامیابی کے لیے ضروری علم اور ہنر سے آراستہ کرتا ہے۔اس چار منزلہ اسکول میں جدید سہولیات سے آراستہ کل 35 کلاس روم ہیں۔ یہاں اٹل انوویشن سائنس لیب، ایک لائبریری اور سمارٹ کلاس رومز سمیت کھیلوں کی سہولیات بھی ہیں جو طلباء کے لیے سیکھنے کے تجربے کو مزید دلچسپ بناتی ہیں۔اسکول کے ذریعے طلباء نے سائنس میلوں، اسکاؤٹس، قومی کھیلوں، مقابلوں، والی بال، کھو کھو اور جمبوریوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور نمایاں کامیابی حاصل کی۔
سنت ایشور بھارتیہ ودیا مندر خطے میں تعلیم کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ روایتی اقدار اور جدید وسائل پر مبنی تعلیم، علم اور سائنس کا شعور نوجوانوں کو کس طرح بااختیار بنا سکتا ہے اور ان کی مجموعی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتا ہے، یہ تنظیم کا ہدف ہے۔دریں اثناء پچھلے سال، سنت ایشور کمپلیکس کا شاندار افتتاح جموں و کشمیر کیلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جی کی موجودگی میں کیا گیا تھا۔