کہابی جے پی نے ترقی کی رفتار تیز کرنے کے علاوہ نوجوانوں کو روزگار اور ان کے روشن مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے منشور جاری کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے صدر ارون پربھات سنگھ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں صرف بھارتیہ جنتا پارٹی ہی نوجوانوں کے خواب پورے کر سکتی ہے۔ اسمبلی انتخابات کے بعد جموں و کشمیر میں بی جے پی کی حکومت بننے والی ہے اور وہ ریاست کے نوجوانوں کو پنڈت پریم ناتھ ڈوگرہ روزگار یوجنا کے تحت پانچ لاکھ روزگار کا تحفہ دے گی۔بی جے پی کے میڈیا سینٹر میں ہفتہ کو قومی انچارج ارون جیت سنگھ، جنرل سیکریٹری ابھیشیک شرما، نائب صدر رام پرساد، سیکریٹری لو شرما اور بی جے پی کے میڈیا چیف ڈاکٹر پردیپ مہوترا کی موجودگی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ارون پربھات نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ہونے والی بھاری ووٹنگ سے واضح ہو گیا ہے کہ بی جے پی مکمل اکثریت کے ساتھ جموں و کشمیر میں حکومت بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ترقی کی رفتار تیز کرنے کے علاوہ نوجوانوں کو روزگار اور ان کے روشن مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے منشور جاری کیا ہے۔ارون پربھات نے کہا کہ سرکاری محکموں میں خالی اسامیوں کو بی جے پی حکومت 180 دنوں کے اندر پر کرنے کا کام کرے گی۔ پنڈت پریم ناتھ ڈوگرہ روزگار یوجنا کے تحت بی جے پی پانچ لاکھ نوجوانوں کو روزگار دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایس آر او 202 کو ختم کر کے نوجوانوں کو روزگار کے کئی مواقع فراہم کرنا بی جے پی کی ترجیح رہے گی۔
ہر گھر روزگار یوجنا پر بھی بی جے پی غور کر رہی ہے۔ پراگتی ایجوکیشن اسکیم کے تحت دور دراز علاقوں کے کالج جانے والے طلباء کو مفت لیپ ٹاپ اور ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔اگنی ویروں کو سرکاری نوکریوں میں 20 فیصد ریزرویشن دیا جائے گا۔ ہر ضلع میں کھیلوں کے اسٹیڈیم تیار کیے جائیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کا ساتھ مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ بی جے پی کو اسمبلی انتخابات میں بڑی کامیابی دلائیں تاکہ جموں و کشمیر میں امن و خوشحالی کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کا مستقبل روشن بن سکے۔