اعجازخان اورممتازخان نے رکھا سڑکوںکا سنگ بنیاد
عوامی مشکلات کے ازالہ کیلئے کیمپ بھی کیا منعقد
آر۔جے۔بشیر
ریاسی؍؍ایم ایل اے اعجاز احمد خان اور الحاج ممتاز احمد نے گڑھی جِج باغلی سڑک اور گُنڈی پناسا سڑک کا سنگ بنیاد رکھا، جن پر تقریباً 7.2کروڑ اور4.45کروڑ روپئے کا خرچ آئے گا واضح رہے ان دونوں سڑکوں سے گول ارناس اور گلاب گڑھ اسمبلی حلقہ کی ہزاروں کی تعداد میں عوام کو راحت ملے گی اور ان کی تعمیر پی ایم جی ایس وائی کے تحت کی جا رہی ہے یہاں دونوں سڑکوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد دونوں ایم ایل اے حضرات نے عوامی مشکلات کے ازالہ کیلئے ایک کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جس میں مختلف محکمہ جات کے آفیسران کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور کیمپ کے دوران عوام نے اپنی کئی مشکلات موصوف ایم ایل اے کے سامنے رکھیں جن میں بجلی،پانی،طبی سہولیات اور محکمہ تعلیم سر فہرست رہے جبکہ کیمپ میں نئے سڑک پروجیکٹوں کی آواز بھی بلند ہوئی ۔اسی سلسلہ میں ایم ایل اے حضرات نے متعلقہ محکمہ جات کو عوامی مشکلات کا حل کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔