سانبہ میں اپنی پارٹی کا اجلاس منعقد، 35سے زائد افراد نے شمولیت اختیار کی
لازوال ڈیسک
سانبہ؍؍اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ کابینہ وزیر نے مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں بڑھتے عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے اسمبلی انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں میں روایتی سیاسی جماعتوں کیخلاف سخت غم وغصہ ہے جولوگوں کا ووٹ بینک کے لئے استحصال کرتی رہی ہیں۔یہ بات انہوں نے سانبہ میں منعقدہ ایک جوائننگ پروگرام کے دوران دی جس کا اہتمام لولی منگول نے کیاتھا۔ ا س پروگرام میں 35سے زائد افراد نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔نئے ساتھیوں کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے سابقہ وزیر نے اْمیدظاہر کی کہ اِس سے زمینی سطح پر پارٹی کو مضبوطی ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ لوگ اِس اْمید کے ساتھ اپنی پارٹی میں شامل ہورہے ہیں کہ اْن کے مسائل کو حل کیاجائے گا کیونکہ سابقہ حکومتوں اور روایتی سیاسی جماعتوں نے اِن کا صرف استحصال کیا۔اپنی پارٹی اِس اندھیر نگری کے سیاسی نظام کے اندر ایک اْمید کی کرن بن کر سامنے آئی ہے، جس وجہ سے سماج کے تمام طبقہ جات کے لوگ جوق در جوق اپنی پارٹی کا حصہ بن رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت سے لوگوں کو کوئی اْمید ہے اور نہ کوئی بھروسہ کیونکہ بیروکریسی عام لوگوں کی توقعات کے مطابق کام نہیں کر رہی۔ جموں اور کشمیر دونوں خطوں کے اندر مقامی آبادی سخت پریشان ہے جوکہ خود کو تن تنہا محسوس کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے تاکہ لوگوں کی خواہشات کے مطابق کام ہو اور اْن کے مسائل حل ہوں۔انہوں نے سروڑ ٹول پلازہ قضیہ کا تذکرہ بھی کیا اور کہاکہ جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر ایکسپریس وے کی تعمیر کے لئے جبری زمین حاصل کی جارہی ہے۔ لوگوں کو بہت کم معاوضہ دیاجارہا ہے ، اس سے سینکڑوں لوگ کاروبار سے بھی محروم ہوئے ہیں۔ منجیت سنگھ نے کہاکہ اشیاء ضروریہ اور بجلی بلوں میں اضافے سے سانبہ میں خواتین طبقہ بھی پریشان ہے۔ متوسط طبقہ کے مسائل میں کئی گناہ اضافہ ہوا ہے۔ سانبہ میں کسان بھی مشکلات سے دو چار ہیں۔سانبہ کے اندر بے روزگاری میں حد درجہ اضافہ ہورہا ہے اور منشیات کا کاروبار بھی بہت زیادہ بڑ ھ چکا ہے جس سے نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر ہے۔ اس اجلاس میں ضلع صدر سانبہ رمن تھاپا، ضلع صدر خواتین ونگ پرنکا دیوی وغیرہ بھی موجود تھیں۔