xسری نگر،//جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے گورنمنٹ پالی ٹیکنیک کالج بمنہ میں 19سالہ نوجوان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور اس سے علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لا کر دو ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تحقیقات شروع کی۔
اطلاعات کے مطابق گورنمنٹ پالی ٹیکنیک کالج بمنہ میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب طالب علموں کے مابین کسی بات پر جھگڑا شروع ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ جھگڑے کے دوران مہران احمد ولد پرویز احمد ساکن سوپور پر چاقو سے وار کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ آس پاس موجود طلاب نے زخمی طالب علم کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں پر اس کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔
دریں اثنا پولیس کے ایک ترجمان نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ دو ملزمان جن کی شناخت ابرار شبیر ولد شبیر ڈار ساکن چاڈورہ اور راہل علی ولد علی محمد پہلو ساکن ڈلگیٹ سری نگر کے بطور ہوئی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں نے بمنہ میں طالب علم پر چاقو سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو ا ہے۔ پولیس نے چاقو کو بھی برآمد کرکے ضبط کیا ۔
دریں اثنا سری نگر پولیس نے اس ضمن میں 89کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
بتادیں کہ سری نگر میں پچھلے کچھ ماہ کے دوران چاقو اور چھرا زنی کے متعدد واقعات رونما ہوئے ، گر چہ ضلعی انتظامیہ نے چاقو کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کی لیکن اس کے باوجود بھی چھرا زنی کے واقعات مسلسل رونما ہو رہے ہیں۔