شہریت ترمیمی بل کے خلاف کیرلا میں پُر امن عوامی احتجاجی کانفرنس کا اہتمام
ؒنمائندہ لازوال
کیرلا؍؍شہریت ترمیمی بل کی مخالفت میں سنی یوتھ فیڈریشن کے زیر اہتمام کیرلا کے شہر مالپورم میں ایک پُرامن احتجاجی جلسۂ کا اہتمام کیا گیا ۔اس کانفرنس کا نام ’شہری حقوق کانفرنس‘ ہے ، جو کافی پُر امن طریقے سے منعقد کی گئی۔کئی مشہور و معروف مقررین نے اس جلسہ ٔ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کے سنی اسکالرس ایسو سی ایشن مرکزی حکومت کے اس شہریت ترمیمی بل کے خلاف قانونی کارروائی بھی کرے گی۔گرانٹ مفتی شیخ ابوبکر کے دست مبارک سے کانفرنس کا افتتاح عمل میں آیا۔ انھوں نے اپنی تقریر میں کہا کے سنی تنظیم اس شہریت ترمیمی بل سے بالکل متفق نہیں ہے ،جسے لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں ایوانوں میں منظوری ملی ہے ،کیونکہ اس بل کے مطابق پڑوسی ممالک سے نقل مکانی کرنے والے مسلمانوں کو خارج کردیا ہے ۔اگر کوئی قانون نافذ کرنا ہے تو وہ قانون غیر جانبدارانہ ہونا چاہیے ۔ انھوں نے اپنی تقریر میں ایک اہم بات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا آئین باصلاحیت رہنمائوں نے تشکیل دیا ہے ، مگر اس شہریت ترمیمی بل کے ذریعے آئین کے بنیادی اُصولوں کو ختم کرنے اور عدم مساوات نافذ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جوجمہوری ملک کی شان کے خلاف ہے۔ اہل اقتدار کو چاہیے کہ وہ سب کے ساتھ مساوی سلوک کرے۔اس جلسۂ میں سید علی بافقیہ، ای سلیمان مسلیار،پونملا عبدالقادر مسلیار، سی محمد فیضی نے بھی اظہار خیال کیا۔