بزمِ صدف کا بین الاقوامی ایوارڈ ممتاز محقق اور شاعر ظفر کمالی کودیا جائے گا
نئی دہلی/ْ اردو کے معتبر محقق ، ممتاز رباعی گو، معروف ظریفانہ شاعر اور بچوں کے ادب کے ماہر ڈاکٹر ظفر کمالی کو ۲۰۲۲ء کے لیے بزمِ صدف کا بین الاقوامی ادبی ایوارڈ تفویض کیا جائے گا سیوان (بہار) کے شعبۂ فارسی کے استاد ڈاکٹر ظفر کمالی ہند و پاک کے ان نمایندہ لکھنے والوں میں اعتبار کا درجہ رکھتے ہیں جنھوںنے ایک ساتھ کئی اصناف میں اپنی خدمات انجام دیں۔ رباعیات، تحقیق، ادبِ اطفال اور ظریفانہ ادب جیسے مختلف ادبی و علمی شعبوں میں ان کی خدمات کا ایک عالم معترف ہے۔ بزمِ صدف کی مرکزی ایوارڈ کمیٹی اور مرکزی گورننگ کونسل کے اراکین نے متفقہ طور پر ڈاکٹر ظفر کمالی کو ۲۰۲۲ء کے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا۔ واضح ہو کہ گذشتہ سال انھیں ادبِ اطفال کے لیے ساہتیہ اکادمی نے بھی اپنے ایوارڈ سے نوازا تھا۔
ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے بزمِ صدف کے چیئرمین شہاب الدین احمد اور ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری اورنے ظفر کمالی کو ان کی خاموش ادبی خدمات کے لیے مبارک باد دی اور یہ توقع ظاہر کی کہ بزمِ صدف کے سابقہ انعام یافتگان کے معیاری سلسلے کا لازمی طور پر وہ بھی حصہ بنیں گے اور عالمی طور پر ان کی ادبی اہمیت کا اعتراف کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بزمِ صدف نے اب تک جناب جاوید دانش(2016)، مجتبیٰ حسین (2017)، باصر سلطان کاظمی(2018ء)، مظفر حنفی(2019)، غضنفر(2020)، محترمہ شاہدہ حسن(2021) کو اب تک بزمِ صدف کے بین الاقوامی ایوارڈس پیش کیے جاچکے ہیں۔ ایوارڈ تقریبات دوحہ قطر، پٹنہ اور حیدرآباد میں منعقد ہوئی ہیں، اس بار دوحہ قطر اور دوبئی میں اس کا اہتمام ہورہا ہے۔
2022کے لیے نامزد ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر ظفر کمالی 3اگست 1959کو سیوان کے قصبہ رانی پور میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام کمال الدین ہے۔ انھوں نے بڑہریا ہائی اسکول، سیوان ؛ ذکیہ آفاق اسلامیہ کالج ، سیوان؛ اورینٹل کالج ، پٹنہ سٹی اور پٹنہ یونی ورسٹی، پٹنہ سے تعلیم حاصل کی۔ اردو اور فارسی میں ایم۔اے۔ کے ساتھ بی۔ایڈ اور پی ایچ۔ڈی۔ کی سندیں بھی حاصل کیں۔ 1989سے وہ شعبۂ فارسی میں درس و تدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ظفر کمالی کی پہلی تصنیف ’مکاتیبِ ریاضیہ‘ ہے جو1986 میں شائع ہوئی تھی۔ رباعیات کے چار مجموعے رباعیاں، رباعیاتِ ظفر، خاکِ جستجو، سوغات ؛ ظریفانہ کلام کے چار مجموعے ظرافت نامہ، نمک دان، ڈنک، ضربِ سخن؛ تنقید و تحقیق سے متعلق تین کتابیںمتعلقاتِ احمد جمال پاشا، تحقیقی تبصرے اور احمد جمال پاشا(مونوگراف)؛ ادب اطفال سے متعلق تین کتابیں بچوں کا باغ، چہکاریں اور حوصلوں کی اڑان شائع ہوئیں۔ ان کی مرتبہ کتابوں میںمکاتیبِ ریاضیہ، مکاتیب بنام حکیم مظہر، جنوں کی آگہی، چٹکیاں اور بنامِ مجتبیٰ حسین شامل ہیں۔ ظفر کمالی کے بین الاقوامی ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے کی اطلاع پاکر بزمِ صدف کی مختلف قومی اور بین الاقوامی شاخوں کے عہدے داران نے انھیں مبارک باد پیش کی ہے اور یہ امید ظاہر کی ہے کہ ان کی تصنیف و تالیف اور ناموری کا حلقہ مزید وسیع ہوگا۔ دوحہ قطر حسن عبد الکریم چوگلے، محترمہ صوفیہ بخار ی، ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی دانش، عمران اسد، احمد اشفاق، عرفان اللہ؛ کویت سے مسعود حساس ، دوبئی سے امتیاز صدیقی، ہندستان سے پروفیسر ظفر امام، ڈاکٹر واحد نظیر، ڈاکٹر تسلیم عارف، ڈاکٹر افشاں بانو، محمد مرجان علی وغیرہ نے ہدیۂ تبریک پیش ککیا۔
واضح رہے کہ بزم صدف نئی نسل ایوارڈ اور اردو خدمات کے سلسلے سے ایوارڈ کے اعلانات آیندہ دنوں میں کیا جائے گا۔