دو افراد ہلاک،چار جھلس گئے
یو این آئی
حیدرآباد؍؍برہم عاشق نے معشوقہ کے گھر کو آگ لگادی۔ اس واقعہ میں دو افراد ہلاک،چار جھلس گئے ۔یہ انوکھا واقعہ آندھراپردیش کے ضلع مشرقی گوداوری کے دُولاگاوں میں پیش آیا۔ذرائع کے مطابق اس گاوں کا ایک شخص اسی گاوں کی لڑکی کے ساتھ محبت کرتا تھا۔ابتدا میں اس لڑکی کی ماں ستیہ وتی نے اس محبت کو قبول کیا اور اپنی بیٹی کی شادی اس سے کروانے پر رضامندی ظاہر کی تاہم لڑکے کے نامناسب کردار کی وجہ سے بعد ازاں اس نے اپنا اردہ ترک کردیا اور شادی سے انکار کردیا۔لڑکی کی شادی کچھ دنوں بعد دوسرے لڑکے کے ساتھ کردی گئی۔اس پر برہم عاشق نے لڑکی کی ماں پر حملہ کردیا۔اس حملہ کی شکایت پولیس سے کی گئی تھی۔اسی دوران ستیہ وتی کی بڑی بیٹی درگا بھوانی اپنی ماں کی عیادت کے لئے گھر آئی تھی۔منگل کی شب اس نوجوان نے گھر پر پٹرول ڈال کر آگ لگادی۔اس واقعہ میں ستیہ وتی کی بیٹی درگا بھوانی کی بیٹی اور اس کا چھوٹا بھائی رامو زندہ جھلس گئے جبکہ ستیہ وتی اور درگابھوانی کے علاوہ دیگر دو جھلس گئے ۔ان کو فوری طورپرعلاج کے لئے سرکاری اسپتال منتقل کردیاگیا۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا۔