400 سے زائد مریضوں کی طبی جانچ کی اور انہیں موقع پر مفت ادویات بھی فراہم کیں
شاہ ہلال
اننت ناگ // برف باری کے باوجود سی آر پی ایف کی 164 بٹالین نے جمعہ کو جنوبی کشمیر کے ڈورو سب ڈویژن کے کریری نوپورہ گاؤں میں ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا جس کا مقصد علاقے کے غریب اور ضرورت مند لوگوں کو معیاری طبی دیکھ بھال اور مفت ادویات فراہم کرنا تھا۔ وادی کشمیر میں سیکورٹی فورسز کی طرف سے جاری امن و امان کو برقرار رکھنیکی مناسبت سے میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں ماہر سیول اور سی آر پی ایف ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے مرد، خواتین اور بچوں سمیت 400 سے زائد مریضوں کی طبی جانچ کی اور انہیں موقعہ پر مفت ادویات بھی فراہم کیں۔مقامی لوگوں نے سی آر پی ایف کا شکریہ ادا کیا اور خواہش ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے مزید کیمپ منعقد کیے جائیں۔ اس موقع پر 164 بٹالین کے کمانڈنگ آفیسر (سی او) نوین کمار نے کہا کہ سی آر پی ایف ہمیشہ امن، خوشحالی اور معاشرے کی ترقی کے لیے کھڑا ہے۔ "اس طرح کے پروگراموں کا مقصد مقامی لوگوں کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنا اور مشکل وقت میں ان کی مدد کرنا ہے۔ یہ ایک مسلسل عمل ہے اور 164 بٹالین وقتاً فوقتاً کسی نہ کسی طریقے سے کمیونٹی آؤٹ ریچ پروگرامز کا انعقاد کرتی ہے۔ ماضی میں بھی اس طرح کے مفت میڈیکل کیمپس کا انعقاد ڈورو، لارنو کوکرناگ، اور وائلو میں منظم طور پر کیا گیا۔اور آج کریری نوپورہ میں لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے طبی کیمپ کا انعقاد کیا جس میں یہاں کے عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی مقامی عوام کے فائدے کے لیے ایسے شہری پروگراموں کا انعقاد جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر 2آئی سی 164 بٹالین وکرم سنگھ، کمپنی کمانڈر نرسی سنگھ لودھی، ایس ایچ او ڈورو سید شوکت شاہ، بی ایم او ویریناگ ڈاکٹر محمد یوسف کے علاوہ دیگر سی آر پی ایف آفیسران موجود تھے۔