سید زاہد
بدھل:-فاریسٹ رینج کنڈی نے ون بیٹ گارڈ ون ولیج پروگرام کے تحت شجر کاری مہم کو جاری رکھتے ہوئے تحصیل کوٹرانکہ بدھل کے گھبر گاؤں میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا۔ شجرکاری بیداری مہم کے دوران فاریسٹ بلاک آفیسر بدھل بی اور دیگر جنگلات کے ملازمین موجود رہے۔ پنچایتی ارکین اور مقامی لوگوں نے ون بیٹ گارڈ ون ولیج پروگرام کے تحت مختلف اقسام کے پودے لگانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
عوام نے محکمہ جنگلات کے اس اختراعی قدم کا زبردست خیر مقدم کیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ محکمہ جنگلات ان کے دروازے پر پودے لگانے کا سامان فراہم کرنے آیا ہے۔ وہ پودوں کے ساتھ ساتھ ملحقہ علاقوں کے جنگلات کی بھی دیکھ بھال کریں گے۔ اس قدم سے گاؤں والوں اور محکمہ جنگلات کے درمیان ایک رشتہ قائم ہوگا۔ علاقے کے لوگوں نے مشورہ دیا کہ محکمہ جنگلات کو اس پہاڑی علاقے کے دیگر دیہاتوں میں بھی مقامی لوگوں میں پودے تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ اسی طرح کی شجر کاری مہم شروع کرنی چاہیے تاکہ علاقے کی سر سبز و شادابی کو برقرار رکھا جا سکے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بلاک آفیسر بدھل بی جماعت علی شاہ نے محکمہ جنگلات کے فیلڈ سٹاف کے ساتھ مل کر فاریسٹ رینج افیسر کنڈی کی ہدایت پر شجر کاری مہم کا مکمل اہتمام کیا۔