گورکھپور:20اگست(یواین آئی) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ غریبوں کو اجاڑنے کی گھناونی حرکت کرنے والے مافیا، دبنگوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی یقینی کی جائے۔انہوں نے فریادیوں کو تیقن دیا کے سب کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔
یوگی نے یہ ہدایت منگل کو گورکھناتھ مندر میں جنتا درشن کے دوران لوگوں کے مسائل کو سنتے ہوئے دیا۔ اور کہا کہ غریبوں کی زمین تو بچائی ہی جائے گی ساتھ ہی جن بھی ضرورت مندوں کو ابھی پختہ مکان نہیں مل پایا ہے انہیں وزیر اعظم آواس یوجنا یا وزیر اعلی آواس یوجنا کے دائرے میں لا کر پختہ مکان کی سہولیت فراہم کرائی جائے گی۔
وزیر اعلی نے اس دوران تقریبا 300افراد سے ملاقات کر کے ان کے مسائل کو سنا۔ فریادیوں کی بات اطمینان سے سننے کے بعد پاس میں کھڑے افسران کے مسائل کے تصفیہ کے لئے ضروری ہدایات دیں۔ الگ الگ معاملات سے جڑے مسائل کے ازالے کے لئے انہوں نے متعلقہ انتظامی و پولیس افسران کو عرضی دے کر ہدایت دی کہ سبھی مسائل کے وقت کے اندر غیر جانبدارانہ اور تشفی بخش ازالہ ہونا چاہئے۔
یوگی نے زمین قبضہ کئے جانے کی کچھ شکایات پر افسران کو واضح ہدایات دیں کہ کسی کی زمین پر غیر قانونی قبضہ کرنے والے، کمزوروں کو اجاڑنے والے کسی بھی صورت میں بخشے نہ جائیں۔ ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔ حکومت کسی کے بھی ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی گی اور ہر شخص کی زندگی میں خوشحالی لانے کو پر عزم ہے۔
یوگی نے کہا کہ ریونیو و پولیس سے متعلق معاملات میں موثر کاروائی ہو۔ وزیر اعلی نے کہا کہ افسران مفاد عامہ کے کاموں کو ہمیشہ اولین ترجیح پر رکھیں اور ہر متاثر کے مسائل کا فوری ازالہ کرنا یقینی کریں۔