قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا
یواین آئی
جموں؍؍جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے بالا کوٹ سیکٹر میں فوج نے دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دو ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کا دعویٰ کیا۔انہوں نے کہاکہ مہلوکین کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی ایجنسیوں کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ ایل او سی کے ذریعے ملی ٹینٹ اس طرف آنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ امکانی دراندازی کے پیش نظر بالا کوٹ سیکٹر میں سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات جاری کئے گئے۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ پیر کی صبح مشتبہ ملی ٹینٹوں نے بھارتی حدود میں گھسنے کی کوشش کی چنانچہ مستعد اہلکاروں نے انہیں للکارا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔انہوں نے بتایا کہ انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق دو ملی ٹینٹ جنہوں نے اس طرف آنے کی کوشش کی زخمی حالت میں اس پار واپس چلے گئے اور بعد ازاں دونوں زخموں کی تاب نہ لا کر چلے بسے۔ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے تصادم کی جگہ اے کے رائفل ، دو میگزین، تیس گولیوں کے راونڈ دو گرینیڈ اور پاکستانی ادویات برآمد کرکے ضبط کئے۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ امکانی دراندازی کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ایل او سی پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے۔فوج کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے لگاتار ملی ٹینٹوں کو اس طرف دھکیلنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہیں تاہم سرحدوں پر تعینات افواج ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گر چہ ملی ٹینٹوں کی جانب سے اس طر ف آنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن فوج بھی دہشت گردوں کے منصوبوں کو لگاتار ناکام بنا رہی ہیں۔