دنیاکوبھی بھروسہ ہوناچاہئے:چدامبرم انٹرنیشنل میڈیا کیاکہتاہے::سبل درخت اکھاڑ رہے تھے؟:سدھو
یواین آئی
نئی دہلیپاکستان میں بالاکوٹ کے جیش محمد کے دہشت گرد ی کے ٹھکانے پر ہندوستانی فضائیہ کی کارروائی میں مرنے والوں کی تعداد پر آج سیاست گرم ہوگئی ۔ سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم سمیت کئی کانگریسی رہنماوں نے اس کارروائی میں مارے گئے لوگوں کی تعداد پر سوال کھڑے کرتے ہوئے نریندر مودی حکومت سے جواب طلب کیا ہے ۔کانگریس کے سینئر رہنما مسٹر چدمبرم نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کے وائس ایر مارشل نے مرنے والوں کی تعداد کے بارے میں تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئی شہری یا فوجی ہلاک نہیں ہوا ہے تو مرنے والوں کی تعداد 300-350کس نے بتائی؟مسٹر چدمبرم نے کہا“ ایک ہندوستانی شہری کے ناطے میں اپنی حکومت پر بھروسہ کرنے کے لئے تیار ہوں لیکن اگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ دنیا کو بھی بھروسہ ہوتو حکومت کو اپوزیشن کی نکتہ چینی کرنے کے بجائے اس کے لئے کوشش کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ فضائیہ کو ان کی شاندار حصولیابی کے لئے سلام کرنے والے سب سے پہلے شخص کانگریس کے راہل گاندھی تھے ۔ مودی جی یہ کیوں بھول گئے ۔”کانگریس کو ہی ایک دیگر سینئر لیڈر او رسابق مرکزی وزیر کپل سبل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کئی غیر ملکی اخبارات اور ایجنسیوں کی خبروں کا ذکر کیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ بالاکوٹ میں دہشت گردوں کو کسی طرح کا نقصان نہیں ہوا ہے ۔مسٹر سبل نے حکومت پر دہشت گردی کو سیاسی رنگ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا“ میں وزیر اعظم سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا انٹرنیشنل میڈیا پاکستان کی حمایت کررہی ہے ؟ جب بین الاقوامی میڈیا پاکستان کے خلاف بولتی ہے تو آپ خوش ہوتے ہیں ۔ کیا ان کا سوال پوچھنا پاکستان کی حمایت کی وجہ سے ہے ؟”خیال رہے کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار نے وزیر خارجہ سشما سوراج سے ٹیلی فون پر ہوئی با ت چیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی میں دو سو سے ڈھائی سو دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ نے بھی کل گجرات میں کہا کہ اس کارروائی میں ڈھائی سو دہشت گرد مارے گئے ہیں۔پنجاب حکومت میں وزیر اور اپنے بیانات کے لئے مسلسل تنازعات کا شکار رہنے والے مسٹر نوجوت سنگھ سدھو نے بھی ٹوئٹ کرکے سوال کیا کہ تین سو دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔ ہاں یا نہیں ؟مسٹر سدھو نے کہا کہ “ تب آپ کا مقصد کیا تھا کیا آپ دہشت گردوں کو ختم کررہے تھے یا درخت اکھاڑ رہے تھے ’ کیا یہ آئندہ الیکشن کے مدنظر ڈرامہ تو نہیں تھا۔ فوج سے سیاسی فائدہ اٹھانے کا سلسلہ بند کریں۔ یہ ویسا ہی پاک ہے جیسا ملک۔”اس سے قبل مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی اور کانگریس کے سینئر رہنما اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ بھی بالا کوٹ دہشت گرد کیمپ پر ہوئے فضائی حملے کے ثبوت مانگ چکے ہیں۔فضائیہ کے سربراہ بی ایس دھنووا نے کہا ہے کہ ہمار اکام ہدف کو نشانہ بناناہے ہلاک ہونے والوں کی گنتی کرنا نہیں ہے ۔