بانہال اسمبلی حلقے پر کانگریس کے امید وار کو سپورٹ نہیں کریں گے: سجاد شاہین
یواین آئی
جموں؍؍نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر سجاد شاہین کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس کے کارکن بانہال اسمبلی حلقے پر کانگریس کے امید وار کو سپورٹ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر اس حلقے پر کانگریس کے امید وار کو منڈیٹ دیا گیا تو نیشنل کانفرنس کے ورکر بائیکاٹ کریں گے۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو بانہال میں منعقدہ کارکنوں کی ایک ہنگامی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ اس میٹنگ کی صدارت سجاد شاہین اور ڈی ڈی سی چیئر پرسن ڈاکٹر شمشادہ شان نے کی۔انہوں نے کہا: ‘سوشل میڈیا کے ذریعے ایک مخصوص پارٹی کے لوگوں نے یہ پھیلائی ہے کہ الائنس نے بانہال اسمبلی حلقے کے لئے منڈیٹ کانگریس کے ایک امید وار کو دیا ہے لیکن اس سلسلے میں ابھی کوئی آفیشل بیان سامنے نہیں آیا ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘اس سلسلے میں ہم نے آج پارٹی کے اہم ذمہ داروں اور کارکنوں کی میٹنگ بلائی تاکہ الائنس کے متعلق ان کی رائے جانی جا سکے’۔سجاد شاہین نے کہا: ‘میٹنگ میں کارکنوں نے یک زبان ہوکر کہا کہ اگر الائنس کی طرف سے کانگریس کے امید وار کو منڈیٹ دیا گیا تو نیشنل کانفرنس کا کوئی بھی کارکن یہاں کانگریس کے امید وار کو سپورٹ نہیں کرے گا، اگر اس حلقے کے لئے کانگریس کے امید وار کو منڈیٹ دیا گیا تو نیشنل کانفرنس کے ورکر بائیکاٹ کریں گے’۔
انہوں نے کہا: ‘اس کی وجہ یہ ہے کہ اس حلقے پر کانگریس کے امید وار کی کاکردگی ناقص رہی ہے، بارہ سالہ دور میں لوٹ کھسوٹ کے سوا کچھ بھی نہیں کیا’۔ان کا کہنا تھا: ‘الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے الیکشن کے پہلے مرحلے کی نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد کانگریس کائی کمان نے اس کو پردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ کے عہدے سے ہٹا دیا’۔
انہوں نے کہا: ‘وہ شخص جس کا ماضی ہمارے سامنے ہے ایسے شخص کو نیشنل کانفرنس بانہال حلقہ انتخاب کے لئے کبھی تسلیم کرے گی نہ سپورٹ کرے گی’۔ان کو منڈیٹ دینے کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں مسٹر شاہین نے کہا: ‘پارٹی نے مجھے اس حلقے پر منڈیٹ دینے کی یقین دہانی کی ہے’۔