3 طالبات نے 98 فیصد نمبرات حاصل کئے ،طلباء اور والدین میںخوشی کا ماحول
سید نیاز شاہ
پونچھ؍؍ رضا العلوم اسلامیہ ہائر سیکنڈری سکول پونچھ کی تین طالبات نے ریاستی سطح پربارویں جماعت میں ممتاز پوزیشن حاصل کی ہے ۔ نعیمہ راتھر ، شائستہ امتیاز اور عاصمہ قادر نے500میں سے490 نمبرات حاصل کر کے اسکول اور والدین کا نام روشن کیا۔ اس مناسبت سے ان بچیوں نے ’لازوال ‘نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اس کامیابی میں جہاں ہمارے والدین کا کلیدی رول ہے ۔
انہوں نے مزیدکہاکہ اس کامیابی میں ہمارے اساتذہ کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئی اے ایس مقابلہ جاتی امتحان پاس کرنا چاہتی ہیں جسکی تیاری آج سے ہی ہم نے شروع کر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ والدین جو بچیوں کو پڑھانا نہیں چاہتے ان سے گزارش ہے بٹیوں کے پر کاٹ کر انہیں گھروں میں قید نہ کریں بلکہ انہیں اڑنے دیں اپنے مقاصد کی تکمیل کیلئے محنت کرنے دیں۔
لڑکیاں کسی طرح بھی لڑکوں سے کم نہیں۔یہاں یہ بات کابل ذکر ہے کہ ان تینوں طالبات نے اپنی قسمت بدلنے کیلئے محنت لگن اور خلوص دل سے پڑھائی کر کے کامیابی حاصل کی جو اس بات کی دلیل ہے کہ جب انسان محنت کرے تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔