جموں، // بابا بڈھا امرناتھ یاترا کے پہلے جھتے نے ہفتے کے روز پونچھ کے منڈی علاقے میں بابا کا درشن کیا۔
اس موقع پر وہاں موجود لوگوں جن میں سکھ، ہندو اور مسلمان برادریوں کے لوگ شامل تھے، نے یاتریوں کا الہانہ استقبال کیا۔
ایک خاتون یاتری نے میڈیا کو بتایا کہ یاترا کے لئے اچھے انتطامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں پہنچ کر مجھے بہت اچھا لگا اور یہاں کسی قسم کا کوئی ڈر بھی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے لوگوں نے ہمارا اچھا استقبال کیا۔
ضلع ہیڈ کوارٹر پونچھ سے 30 کلو میٹر کی دوری پر واقع اس مقدس مندر میں یاترا کا سلسلہ گیارہ دنوں تک جاری رہے گا۔
بتادیں کہ اس مندر کی یاترا کے لئے جموں سے جمعہ کے روز ایک ہزار 3 سو 38 یاتریوں پر مشتمل پہلا جھتا سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ روانہ ہوا تھا۔ یاترا کے پر امن اور احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
حکام نے گیارہ دنوں تک جاری رہنے والی اس یاترا کے یاتریوں کے لئے موبائل بیت الخلا، لنگر، پانی اور بجلی وغیرہ کا معقول بندو بست کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پونچھ کے منڈی علاقے میں واقع بھگوان شیو کے نام وقف بابا بڈھا امرناتھ مندر جموں کے قدیم ترین مندروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
گرچہ اس مندر میں سال بھر عقیدت مندوں کا آنا جانا رہتا ہے تاہم یاترا کے دوران یاتریوں کی غیر معمولی بھیڑ رہتی ہے۔