نقد ریلیف واگزار کرنے کا مطالبہ کیا ،ایل جی منوج سنہا سے خصوصی مداخلت کی اپیل کی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍آل کشمیری مسلم مائیگرنٹ کمیٹی نے آج اپنے سینکڑوں ممبران مہاجرین کے ساتھ کمشنر ریلیف اینڈ ری ہیبلیٹیشن کے دفتر پر احتجاج کرتے ہوئے فوری طور پر نقد ریلیف کے اجراء کا مطالبہ کیا جسے ان کے مطابق غیر مجاز طریقے سے روکا گیا ہے جس کیلئے ہائی کورٹ نے مداخلت کرکے واگزاری کا حکم بھی دیا۔اس موقع پر مظاہرین نے کہاکہ نقد ریلیف واگزار کرنے کے احکامات ضرور ہوئے ہیںلیکن کمشنر ریلیف صرف وعدے کر رہے ہیں۔
وہیں اے کے ایم ایم ایم سی کے صدر نذیر احمد لون نے زونل افسران اور کچھ افسران کواس سلسلے میں قصوروار ٹھہرایا اور کہا کہ مسلم مائیگرنٹس ریلیف کے رکنے سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے ایل جی منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کریں اور جلد از جلد نقد امداد جاری کریں۔نذیر احمد لون نے کہا کہ امداد کی غیر مناسب روک تھام سے ضرورت مند تارکین وطن کے لیے مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔