اے او آئی اور ایس کامز کا اشتراک ایک بڑی کامیابی۔ اتل ڈولو
جموں/ امریکین آن کالوجی انسٹی چیوٹ ( اے او آئی ) نے آج آچاریہ شری چندر کالج آف میڈیکل سائنسنز اینڈ ہسپتال ( ایس کامز ہسپتال ) جموں کے اشتراک سے ایک خاص سپر سپیشلٹی کینسر ہسپتال کا افتتاح کیا۔ صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر اتل ڈولو اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے جبکہ صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما نے مہمان ذی وقار کی حیثیت سے تقریب میں حصہ لیا۔ اے او آئی اور ایس کامز کے درمیان اشتراک کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے اتل ڈولو نے کہا کہ اس قدم سے ہندوستان و دیگر عالمی معیار کے ہسپتالوں میں کینسر مریضوں کو معیاری طبی نگہداشت فراہم ہوگی۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے وعدہ بند ہے اور اِس کے علاوہ مہلک بیماریوں میں مبتلا بیماروں کے لئے حکومت معیاری طبی نگہداشت کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت کینسر کے مریضوں کے لئے ہر ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ ایف سی نے کہا کہ کینسر بیماری کا بروقت علاج مریض کی جان بچانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ سٹیٹ کینسر انسٹی چیوٹ جو جموں میں قائم کیا جارہا ہے ، کینسر مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے میں معاونت ثابت ہوسکتا ہے۔ گروپ سی ای او ساوتھ ایشیا اے او آئی ڈاکٹر جگ پراگ سنگھ نے کہا کہ پچھلے چند برسوں کے دوران مختلف امراض کی تشخیص میں ٹیکنالوجی کا بڑے پیمانے پر عمل دخل رہا ہے اور اِس کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہونے بچ جاتی ہے ۔ ایس کامز کے ڈائریکٹر پرنسپل ڈاکٹر پون ملہوترہ نے اِس موقعہ پر کہا کہ اے او آئی کے اشتراک و تعاون سے جموں وکشمیر کے لوگوں کو عالمی سطح کی طبی نگہداشت فراہم ہوگی۔ جوائنٹ سیکرٹری ایس کامز ڈی کے بترا نے کہا کہ یہ سہولیت ایسے موقعہ پر ریاست میں اُبھر رہی ہے جب جموں اینڈ کشمیر میں تمباکو و دیگر مضر اشیاء کے استعمال سے لوگوں میں کینسر جیسے امراض کا روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔ دیگر شخصیات میں ڈائریکٹر نیو میڈیکل کالج ڈاکٹر یشپال شرما ، مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم بھوپندر کمار ، سی ای او مشن یوتھ ڈاکٹر سیّد عابد رشید، پرنسپل نیو میڈیکل کالج سنندا رینہ ،وی پی ایس کامز ، ایچ ایل مینی اور میئر جموں چندن موہن بھی تقریب میں شامل تھے۔