عوام کی پریشانیوں کو ختم کرنے کے لیے مقبول حکومت ہی واحد حل ہے: رتن لال
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (جے کے این سی) جموں کے صوبائی صدر رتن لال گپتا نے الیکشن کمیشن آف انڈیا پر زور دیا ہے کہ وہ آئندہ پارلیمانی انتخابات کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کرائے۔ جموں و کشمیر کے لوگوں کو درپیش متعدد مسائل کو حل کرنے میں موجودہ حکومت پرناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جلد از جلد ایک مقبول حکومت کی تنصیب ہی مذکورہ مسائل کا واحد حل ہے۔سینئر این سی لیڈر نے اس بات کا اظہار آج شیر کشمیر بھون جموں میں جے کے این سی شیڈول کاسٹ سیل کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔واضح رہے یہ اجلاس وجے لوچن چیئرمین ایس سی سیل کی صدارت میں منعقد ہواجس میں جموں اور سانبہ اضلاع سے پارٹی عہدیداروں نے شرکت کی۔وہیںمیٹنگ کے آغاز میں ایس سی سیل کے ضلعی اور بلاک صدور کے علاوہ صوبائی عہدیداروں نے پارٹی کے سینئر عہدیداروں کو موجودہ حکومت کے تحت ایس سی کمیونٹی کے لوگوں کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ انتظامیہ میں کوئی بھی ان کی پریشانیوں کو سننے کی زحمت گوارا نہیں کرتا اور انہیں نظر انداز کیا گیا۔دریں اثناء رتن لال گپتا، جو میٹنگ کے مہمان خصوصی تھے، نے کہا کہ حکومت آج ‘بیک ٹو ولیج’ پروگرام کے پانچویں مرحلے کا آغاز کر رہی ہے اور میں ایل جی انتظامیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پہلے یہ واضح کریں کہ پہلے چار مراحل کے دوران کیا حاصل ہوا ہے۔صوبائی صدر نے کہا کہ یہ ایک ستم ظریفی ہے کہ ایل جی انتظامیہ لوگوں میں اعتماد بحال کرنے میں ناکام رہی جو وہ جموں و کشمیر میں جمہوریت کی بحالی سے آسانی سے حاصل کر سکتا تھا۔