اشفاق اللہ خان کو صحیح خراج عقیدت ریاست جموں و کشمیر کی مکمل حیثیت کی بحالی کے لیے جدوجہد کا آغاز کرنا ہے:ڈاکٹر وکاس
لازوال ڈیسک
جموں؍؍نیشنل سیکولر فورم (این ایس ایف) یونیورسٹی یونٹ نے ملک کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے اشفاق اللہ خان کی یوم پیدائش کے موقع پر یونیورسٹی کیمپس میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا۔انہوں نے اشفاق اللہ خان کو اس موقع پرخراج عقیدت پیش کیا اور ان کی تصویروں پر پھول چڑھائے۔اس دوران ڈاکٹر وکاس شرما کوآرڈینیٹر جموں ضلع (شہری) اور زونل سکریٹری جے کے این سی مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈاکٹر سکھ دیو سنگھ ریاستی صدر این ایس ایف نے تقریب کی صدارت کی اور وکشے وشیست ریاستی سکریٹری اور انچارج یونیورسٹی یونٹ این ایس ایف مہمان ذی وقار تھے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر وکاس شرما نے این ایس ایف کے اراکین کی جانب سے آگے آنے اور ان تقریبات کو منعقد کرنے کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اشفاق اللہ خان کو صحیح خراج عقیدت ریاست جموں و کشمیر کی مکمل حیثیت کی بحالی کے لیے جدوجہد کا آغاز کرنا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم سب کو حلف اٹھانا چاہیے کہ وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے اور ریاست جموں و کشمیر کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔