9 گاڑیاں ضبط. 1.82 500 روپے جرمانہ بھی وصولا گیا ،قوانین پرعمل درآمدکی تلقین
ساجد طفیل لون
بھدرواہ؍؍ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی و مسافروں سے اضافی کرایہ وصولی اور گنجائش سے زیادہ مسافر بیٹھنے پر عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر عمل کرتے ہوئے موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ ایم وی ڈی ڈوڈہ نے منگل کو ضلع ڈوڈہ کے مختلف علاقوں میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی۔ اے آر ٹی او ڈوڈہ کلدیپ سنگھ کی قیادت میں ایم وی ڈی ڈوڈہ کی ایک ٹیم نے انسپکٹر جسبیر سنگھ اور انسپکٹر چندر موہن شرما کے ساتھ بٹوٹ-ڈوڈہ کشتواڑ قومی شہرہ و دیگر رابط سڑکوں پر جن میں بھرت روڈ، جودھ پور روڈ، بیولی-بجرنی روڈ، بھگوا روڈ، مارمٹ روڈ اور کھیلانی میں خصوصی ناکے لگائے۔ جس میں گاڑیوں اور ان کے کاغذات کی مکمل چیکنگ کی گئی۔ کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے کاغذات کے ساتھ چیک کیا گیا اور موقع پر ان کے چالان بھی کئے گئے۔تفصیلات بتاتے ہوئے انسپکٹر جسبیر سنگھ نے نمائندہ کو بتایا کہ مہم کے دوران موٹر وہیکل ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت 77 گاڑیوں کا چالان کیا گیا، جبکہ گزشتہ 3 دنوں سے جاری خصوصی مہم کے دوران 9 گاڑیوں کو بھی موقع پر ضبط کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ نادہندگان سے مجموعی طور پر 1,82,500 روپے جرمانہ بھی وصول کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان بھی ایم وی ڈی ڈوڈہ کی ٹیم کے جانب سے کیے گئے، وہ لوگ جو بغیر سیٹ بیلٹ یا ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلاتے ہوئے پائے گئے، خاص طور پر کم عمر ڈرائیورز۔ اے آر ٹی او ڈوڈہ کلدیپ سنگھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور سڑکوں کا استعمال کرنے والے دوسرے لوگوں کی حفاظت کے لیے تمام ٹریفک قوانین پر مذہبی طور پر عمل کریں۔