نئی دہلی، //ہندوستان اور چین کے درمیان مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر فوجی تعطل کو حل کرنے کے مقصد سے دونوں ممالک کے فوجی کمانڈروں کی 19ویں میٹنگ اتواراور پیر کودو دن تک جاری رہی۔ تاہم اس میں کوئی خاطر خواہ نتیجہ سامنے آنے کی کوئی خبر نہیں ہے۔
وزارت خارجہ نے منگل کو یہاں بتایا کہ ہند-چین کور کمانڈر سطح کی میٹنگ کا 19 واں دور 13 اور 14 اگست کو ہندوستانی سرحد پر چشول-مولڈو بارڈر میٹنگ پوائنٹ پر منعقد ہوا۔
ملاقات میں دونوں فریقوں کے درمیان مغربی سیکٹر میں ایل اے سی پر بقیہ امور کے حل پر مثبت، تعمیری اور گہرائی سے بات چیت ہوئی۔ ہندوستان اور چین کی قیادت کی طرف سے فراہم کردہ رہنمائی کے مطابق، انہوں نے کھلے اور دور رس انداز میں خیالات کا تبادلہ کیا۔
فریقین نے بقیہ مسائل کو تیزی سے حل کرنے اور فوجی اور سفارتی چینلوں کے ذریعہ بات چیت اور مذاکرات کی رفتار کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ دریں اثنا، دونوں اطراف نے سرحدی علاقوں میں زمینی سطح پر امن و امان برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔