طلباء اپنے آپ کو زرعی کاروبار میں دستیاب کیریئر کے مختلف مواقع سے آگاہ کریں:ارون مانسوترا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ایس پی ایم آر کالج آف کامرس میں فارمرز پروڈیوسر آرگنائزیشنز (ایف پی او) اور کمپنیوں کی تخلیق پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔اس تقریب کے ریسورس پرسن ارون مانسوترا، سابق سکریٹری، اے پی ایم سی تھے جبکہ کالج کے پرنسپل پروفیسر (ڈاکٹر) سریندر کمار نے تقریب کی صدارت کی۔وہیں ورکشاپ کے دوران، طلباء کو ایف پی اوزکے مختلف پہلوؤں، حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی مراعات، اور کمپنیوں کی تعمیر کے دوران کاروباری افراد کو فائدہ اٹھانے والے مواقع کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔وہیںارون مانسوترا، جنہوں نے زراعت، ایچ پی ایم اور نفاذ زراعت میں کام کیا ہے، نے ایف پی اوزکی بنیاد پر کمپنیاں بنانے کے پورے عمل، اور کمپنی ایکٹ کے تحت ہونے والی قانونی حیثیتوں اور طریقہ کار پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو زرعی کاروبار میں دستیاب کیریئر کے مختلف مواقع سے آگاہ کریں، تاکہ وہ ملازمت کے متلاشیوں کے بجائے ملازمت فراہم کرنے والے بن سکیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل پروفیسر (ڈاکٹر) سریندر کمار نے کہا کہ طلباء کو اختراعی اور کیریئر پر مبنی مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے، تاکہ وہ اپنی گریجویشن کے بعد معاشرے کے نتیجہ خیز رکن بن سکیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کالج عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ طلباء کو کاروبار اور صنعت کے تجربے سے روشناس کرانے کے لیے وقف ہے اور مستقبل میں کالج کے آئی آئی سی کی جانب سے ایسے مزید پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔وہیں شعبہ کامرس کے سربراہ پروفیسر پون گپتا نے بھی طلبہ سے تبادلہ خیال کیا، اور کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کا مقصد طلبہ میں تحریک کی چنگاری کو جلانا ہے، تاکہ وہ اپنی زندگی میں عظیم کاموں کو حاصل کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کریں۔