جوہانسبرگ، // جنوبی افریقہ کی فرنچائز لیگ ایس اے 20 کا آغاز 10 جنوری 2024 کو دفاعی چمپئن سن رائزرز ایسٹرن کیپ اور جوبرگ سپر کنگز کے درمیان گکیبیرا میں مقابلہ سے ہوگا۔ منتظمین نے منگل کو یہ اعلان کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹورنامنٹ کا اختتام 10 فروری کو ہوگا، جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ سیریز 4 فروری سے شروع ہوگی۔ چونکہ ایس اے20 کی بیشتر ملکیت کرکٹ جنوبی افریقہ کے پاس ہے، اس لیے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑی دورہ نیوزی لینڈ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ ہر ٹیم سیزن کے ابتدائی ہفتے میں ایک ہوم میچ کی میزبانی کرے گی۔ وانڈررز اسٹیڈیم افتتاحی ہفتے کے آخر میں دو میچوں کی میزبانی کرے گا۔ اس میدان میں دوپہر کے میچ میں سپر کنگز اور ایم آئی کیپ ٹاؤن آمنے سامنے ہوں گے جبکہ شام کا مقابلہ ڈربن سپر جائنٹس کا مقابلہ سن رائزرز کے درمیان ہوگا۔
منتظمین نے اس سیزن کے سیمی فائنل کو ختم کرکے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی طرح پلے آف کے ذریعے ٹورنامنٹ کے فائنلسٹ کا انتخاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیگ مرحلے کے اختتام کے بعد ٹاپ دو ٹیمیں پہلے کوالیفائر میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیمیں ایلیمینیٹر میں آمنے سامنے ہوں گی۔ پہلا کوالیفائرہارنے والی ٹیم کو ایلیمینیٹر جیتنے والی ٹیم کے خلاف دوسرے کوالیفائر میں فائنل میں پہنچنے کا ایک اور موقع دیا جائے گا۔
اس سیزن کے وسط ہفتہ کے تمام میچ مقامی وقت کے مطابق شام 5:30 بجے شروع ہوں گے، جبکہ اتوار کے میچ 3:30 بجے شروع ہوں گے۔
لیگ کمشنر گریم اسمتھ نے کہا: ” سیزن ٹو کی نیلامی قریب آںے کے ساتھ رفتار بڑھ رہی ہے اور ہم ان مقابلوں کا اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہیں۔ ہمارے پاس میچوں کا پہلا ہفتہ فل رہے گا، جو ملک بھر کے شائقین کو راغب کرے گا۔”
انہوں نے مزید کہا، "ہم اہل خانہ، دوستوں اور اپنے نئے شائقین کو زیادہ سے زیادہ میچز دیکھنے کا موقع دے رہے ہیں، جس میں وسط ہفتے کے پروگرام شام 5.30 بجے شروع ہوتے ہیں اور ہفتے کے آخر میں موسم گرما کی شام دیکھنے کی سہولت ملتی ہے۔”
پری سیزن کھلاڑیوں کی نیلامی 27 ستمبر کو ہونے والی ہے۔