’ایسا پارلیمنٹ کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا‘

0
0

راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف نے پارلیمانی روایت کی خلاف ورزی کی: دھنکھڑ
یواین آئی

نئی دہلی؍؍راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے جمعہ کو کہا کہ ایوان میں اپوزیشن لیڈر نے ارکان کے ساتھ کرسی کے نزدیک آکر کارروائی میں خلل ڈال کر پارلیمانی روایات کی سنگین خلاف ورزی کی ہے اور ایسا پارلیمنٹ کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔جب راجیہ سبھا میں صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث ہو رہی تھی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سدھانشو ترویدی اپنے خیالات پیش کر رہے تھے، تقریباً تمام اپوزیشن جماعتوں کے اراکین میڈیکل میں داخلے سے متعلق نیٹ کے پرچے لیک ہونے کے معاملے پر بحث نہیں کرائے جانے کے خلاف احتجاجاً سیٹ کے قریب آکر شور کر رہے تھے۔
چیئرمین نے کہا کہ قائد حزب اختلاف خود سیٹ کے قریب آ گئے ہیں اور مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پارلیمنٹ کی تاریخ میں اس سے پہلے کبھی بھی پارلیمانی روایت اتنی پستی میں نہیں آئی کہ قائد حزب اختلاف خود اور ڈپٹی لیڈر بھی شور کرنے والے اپوزیشن ارکان کے ساتھ نشست کے نزدیک آگئے۔
قبل ازیں قائد ایوان میں جگت پرکاش نڈا نے کہا کہ کانگریس صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کرنے میں بالکل سنجیدہ نہیں ہے اور اس کا مقصد صرف ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کی موجودگی میں بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ تحریک تشکر پر 21 گھنٹے بحث ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے اتنا وقت پہلے کبھی نہیں دیا گیا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس اس بحث پر سنجیدہ نہیں ہے اور یہ اس حقیقت سے ظاہر ہے کہ اس کے کسی بھی لیڈر نے بحث میں حصہ لینے کے لیے اپنا نام نہیں دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ میں این ای ای ٹی کا مسئلہ نہیں اٹھایا اور اب وہ این ای ای ٹی کے بہانے ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے میں جواب دے گی اور نیٹ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے تیار ہے۔قابل ذکر ہے کہ کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن ارکان نے ایوان میں خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے دوران کافی شور مچایا اور این ای ای ٹی کے مسئلہ پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔قائد حزب اختلاف کے بارے میں تبصرے کے بعد چیئرمین نے ایوان کی کارروائی لنچ تک ملتوی کر دی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا