چورو، // وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر دس سال پہلے کے برسوں میں ان کے بڑے بڑے گھپلوں اور لوٹ کے باعث ملک بدحال ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اب جب خاندان پر مبنی بدعنوان لوگوں کی لوٹ کا حساب ہونا ہے تو اپوزیشن کے گھمنڈیا اتحاد کے لوگ انتخابی ریلیوں کے بجائے کرپشن بچاؤ ریلیاں کررہے ہیں۔
مسٹرمودی جمعہ کو یہاں لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار دیویندر جھاجھڑیان کی حمایت میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کہہ رہے ہیں کہ کرپشن ہٹاؤ تو کہتے ہیں کہ کرپشن بچاؤ۔ انہوں نے کہا کہ دس سال پہلے ملک کے حالات اتنے خراب تھے کہ کانگریس کے بڑے گھوٹالوں اور لوٹ کی وجہ سے معیشت تباہ ہو گئی تھی اور دنیا میں ہندوستان کی ساکھ گرتی جا رہی تھی۔ آزادی کی اتنی دہائیوں کے بعد بھی زندگی کی چھوٹی سے چھوٹی ضروریات کے لیے جدوجہد کرنا ہڑتا تھا۔ کروڑوں غریبوں کے سروں پر چھت نہیں تھا، پینے کا پانی میسر نہیں تھا، گاؤں اندھیروں میں ڈوبے رہتے تھے۔ کروڑوں کی لوٹ سے سرکاری خزانہ بھی خالی ہی رہتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اب ملک ترقی کے ریزولیوشن پر کام کر رہا ہے اور اس میں راجستھان کا بڑا رول ہے، راجستھان ترقی کرے گا تو ہندوستان بھی ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا حیران ہے کہ ہندوستان اتنی تیزی سے ترقی کیسے کر رہا ہے۔ دنیا نہیں جانتی کہ ہندوستان کی مٹی کی بات ہی کچھ اورہے اور ہم جس کام کا ارادہ کرلیتے ہیں اسے مکمل کرتے ہیں۔ پچھلے دس برسوں میں ملک کو بدلتے ہوئے دیکھاگیا ہے اور ملک ترقی کر رہا ہے لیکن جب خاندان پر مبنی کرپٹ لوگوں کی لوٹ کا حساب ہو رہاہے اور ہم کہتے ہیں کہ کرپشن ہٹاؤ تو وہ کہتے ہیں کرپشن بچاؤ۔ انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں گھمنڈیا اتحاد کے لوگ انتخابی ریلیاں نہیں کررہے ہیں وہ کرپشن بچاؤ کی ریلیاں کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کانگریس کے ایک رکن اسمبلی کے گھر پر چھاپہ مارا گیا اور الماریوں بکسوں میں 300 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم ملی، یہ خزانہ صرف ایک کانگریسی رکن اسمبلی کے پاس ایک جگہ سے ملا۔ آگے کیا کیا ہوگا یہی تو تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دس سالوں میں بدعنوان لوگوں کی ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی جائیداد ضبط کی گئی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے پوچھا کہ کیا ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے یا نہیں، ایسے لوگوں کو اپنی زندگی جیل میں گزارنی چاہیے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مودی ڈرنے والانہیں ہے۔