کہا، ملک کے آئین اور عدم تشدد پر یقین رکھنے والے ہر شہری کیلئے اپنی پارٹی کے دروازے کْھلے ہیں
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ ’’اپنی پارٹی کے دروازے جموں کشمیر کے ہر شہری کے لیے کھلے ہیں، بشرطیکہ کہ پارٹی میں شامل ہوجانے والا ملک کے آئین پر یقین رکھتا ہو اور وہ تشدد میں ملوث نہ رہا ہو۔اْن کا کہنا تھا کہ اپنی پارٹی کو جموں کشمیر میں وسیع پیمانے پر عوامی حمایت اور پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے آج سرینگر میں پارٹی صدر دفتر پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس تقریب کا اہتمام زینہ کوٹ سرینگر سے تعلق رکھنے والے ممتاز سیاسی کارکن ظفر حبیب ڈار اور ان کے ساتھیوں کی پارٹی میں شمولیت کے خیر مقدم کے لیے کیا گیا تھا۔ اس موقعے پر چرار شریف سے تعلق رکھنے والے این سی لیڈر ارشد حسین شاہ (سینئر ایڈوکیٹ) نے بھی اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ سید محمد الطاف بخاری بخاری اور دیگر معزز پارٹی رہنماؤں نے نئے ممبران کا پْرتپاک استقبال کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر کے سرکردہ سیاسی رہنما اور کارکنان سمیت لوگ بڑی تعداد میں اپنی پارٹی کے ساتھ جڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا، ’’تقریباً ہر روز کسی نہ کسی علاقے سے تعلق رکھنیو الے لوگ بالخصوص سیاسی رہنما اور کارکنان ہمارے ساتھ جڑ رہے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ ہمارے غیر مبہم ایجنڈے اور پالیسیوں پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔ اس بڑھتی ہوئی عوامی قبولیت کے ساتھ، پارٹی ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے۔
سید محمد الطاف بخاری نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی پارٹی میں شامل ہو کر جموں و کشمیر کے مستقبل کو سنوارنے میں اپنا حصہ ڈالیں۔انہوں نے کہا، ’’ہمارے دروازے ہر ایک کے لیے کھلے ہیں، بشرطیکہ وہ ملک کے آئین پر یقین رکھتا ہو اور تشدد میں ملوث نہ ہو۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’ملک کا آئین ہر شہری کو تمام بنیادی اور جمہوری حقوق فراہم کرتا ہے۔ اپنی پارٹی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے وقف ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو آئین کے ذریعہ فراہم کردہ تمام حقوق فراہم کیے جائیں۔ ہمارے لوگوں کو پچھلی کئی دہائیوں کے دوران تشدد اور تنازعات کی وجہ سے بہت نقصان پہنچا ہے۔ تاہم، حالیہ برسوں میں، جموں و کشمیر میں تشدد میں کمی دیکھی گئی ہے، اور ہمیں یقین ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس خطے کو امن، خوشحالی اور ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے۔ اپنی پارٹی کے پاس یہاں کے موجودہ منظر نامے کو بہتر بنانے کی صلاحیت بھی ہے اور خواہش بھی۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’1947 میں اس وقت کی ہماری سیاسی قیادت نے ہندوستان میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ درست تھا یا غلط، اس سے قطع نظر ہم اس فیصلے پر قائم ہیں اور ہمیشہ قائم رہیں گے۔ اپنی پارٹی کا ماننا ہے کہ جموں کشمیر ملک کا ایک اٹوٹ حصہ ہے۔‘‘اس موقع پر پارٹی کے جو سرکردہ لیڈران موجود تھے، اْن میں سینئر نائب صدر غلام حسن میر، نائب صدر عثمان مجید، جنرل سکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر محمد اشرف میر، سٹیٹ کنوینر حاجی پرویز، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، ضلع صدر اننت ناگ عبدالرحیم راتھر، پارٹی کی خواتین ونگ کی صوبائی صدر دلشادہ شاہین، چیئرمین ڈی ڈی سی سرینگر اور پارٹی کے صوبائی سیکرٹری ملک آفتاب، حلقہ انتخاب چرار شریف کے انچارج مشتاق زْوہامی، ضلع نائب صدر سرینگر اور حلقہ انتخاب حبہ کدل کے انچارج جیلانی حمید کمار، ضلع سکریٹری سرینگر پیر وجاہت، پبلسٹی سکریٹری سرینگر عادل بٹ، صوبائی آرگنائزر کشمیر شبیر ریشی، عبدالحمید ڈار، اور دیگر لیڈران شامل تھے۔