رفیع احمد میر نے جائزہ اجلاس کی صدارت کی، الیکشن کی تیاریوں اور دیگر اہم امور پر غور و خوض کیا گیا
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ اپنی پارٹی کے جنرل سکریٹری رفیع احمد میر کی قیادت میں آج اپنی پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آنے والے پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں پر غور و خوض کیا گیا. یہ اجلاس پارٹی صدر دفتر سرینگر میں منعقد ہوا۔ موصولہ بیان کے مطابق پارٹی رہنماؤں نے آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے مکمل غور و خوض کیا۔ مختلف اضلاع کے سینئر کارکنوں نے اپنے اپنے علاقوں کے سیاسی منظر نامے کے حوالے سے اہم تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے مختلف علاقوں میں نتیجہ خیز انتخابی مہم کے لیے حکمت عملی بنانے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رفیع احمد میر نے پارٹی کی جاری عوامی رابطہ مہم میں مزید سرعت لانے پر زور دیتے ہوئے کہا، "وقت آگیا ہے کہ ہم تمام علاقوں میں عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے اپنی عوامی رابطہ مہم میں تیزی لائیں. اس وقت ہماری توجہ عوامی تعاون حاصل کرنے پر مرکوز ہونی چاہیے. ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ہر علاقے میں جاکر لوگوں کو اس حقیقت سے باخبر کریں کہ اپنی پارٹی جموں کشمیر کی واحد جماعت ہے، جس کے پاس اس خطے میں دائمی امن و استحکام، تعمیر و ترقی اور خوشحالی یقینی بنانے کے لیے ایک واضح ایجنڈا ہے. ہمیں لوگوں کو اپنی پارٹی کے عوام دوست ایجنڈے اور پالیسیوں سے بخوبی واقف کرانا ہوگا۔”انہوں نے مزید کہا، "روایتی جماعتوں کے برعکس، ہم نہ تو جھوٹے وعدوں سے لوگوں کو گمراہ کرنے اور نہ ہی ہم جذباتی نعروں اور فریب پر مبنی بیانیے کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دینے میں یقین رکھتے ہیں۔ ہمارا ایجنڈا واضح اور غیر مبہم ہے: ہمارا مقصد جموں و کشمیر کو خوشحالی اور ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔” میر نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اپنی سیاسی اور عوامی رابطہ مہم کی سرگرمیاں کو تیز کریں۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ جب وہ عوام کے ساتھ قریبی رابط قائم کرنے میں جھٹ جائیں گے تو پارٹی کی پوری قیادت ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ وادی بھر سے آئے پارٹی لیڈران اور سینئر کارکنوں کے علاوہ اس موقع پر پارٹی کے جو سرکردہ قائدین موجود تھے، ان میں صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، سینئر لیڈر و سرینگر کے سابق میئر جنید عظیم متو و، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، ضلع صدر پلوامہ غلام محمد میر، صوبائی صدر خواتین ونگ دلشادہ شاہین، صوبائی کوآرڈی نیٹر کشمیر جاوید میر، صوبائی سیکرٹری عمر جان، یوتھ ونگ کے صوبائی صدر کشمیر خالد راٹھور، تمام حلقوں کے پارٹی انچارجز اور دیگر لیڈران موجود تھے۔