پہاڑی طبقے کو شیڈول ٹرائب کا درجہ حاصل ہوجانے کی وجہ سے دیگر طبقات کے مفادات کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ اپنی پارٹی نے حکومت کی جانب سے پہاڑی طبقے کو شیڈول ٹرائب فہرست میں شامل کرنے کے فیصلے کی سراہنا کرتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔قابلِ ذکر ہے کہ یہ اقدام رجسٹرار جنرل آف انڈیا اور نیشنل کمیشن فار شیڈول ٹرائب کی جانب سے سہ رکنی بیک ورڈ کلاس کمیشن کی سفارشات کو منظوری دیئے جانے کے بعد کیا گیا ہے۔موصولہ بیان میں اپنی پارٹی نے کہا، "بالاآخر پہاڑی طبقے کی سالہاسال کی محنت رنگ لائی اور حکومت نے اس طبقے کو شیڈول ٹرائب فہرست میں شامل کرنے کا دیرینہ مطالبہ تسلیم کیا اور اس پر عمل درآمد بھی کیا۔”بیان میں پہاڑی طبقے کو مبارکباد دیتے ہوئے اْمید ظاہر کی گئی ہے کہ شیڈول ٹرائب کا درجہ ملنے کے بعد یہ کمونٹی متعلقہ مراعات سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے اپنے معیار زندگی کو بہتر سے بہتر بنانے میں کامیاب ہوگی اور اسے خوشحالی اور تعمیر و ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں بھی کامیابی ملے گی۔ بیان میں اْمید ظاہر کی گئی ہے کہ پہاڑی طبقے کو شیڈول ٹرائب کا درجہ حاصل ہوجانے کی وجہ سے دیگر طبقات کے مفادات کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔