قاسم نگر میں کانگریس پارٹی لیڈر اور درجنوں خواتین نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی
لازوال ڈیسک
جموں //اپنی پارٹی کے صوبائی صدر، جموں، اور سابق وزیر، ایس منجیت سنگھ نے آج کہا کہ اپنی پارٹی جموں و کشمیر میں خواتین کو سیاسی طور پر بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔دریں اثنائ باہو حلقہ کے قاسم نگر میں وارڈ نمبر 47 میں ایک سرگرم کارکن میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے، سابق وزیر ایس منجیت سنگھ نے سیاسی سرگرمیوں میں خواتین کی شرکت اور ان میں ان کے حقوق کے بارے میں بیداری کی تعریف کی۔وہیں سنگھ نے کہا کہ خواتین میں ان کے سیاسی حقوق کے بارے میں بیداری ضروری ہے کیونکہ یہ انہیں اور معاشرے کو بااختیار بنائے گی۔ انہوں نے ورکرز میٹنگ سے تبادلہ خیال کرتے ان باتوں کا اظہار کیا جس کا اہتمام خواتین ونگ کی صوبائی سیکرٹری شیتل شرما اور وارڈ نمبر 47 کی صدر نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا معاشرے میں اہم کردار ہے جو ان کا معیار زندگی بلند کرے گا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی سیاسی سرگرمیوں میں شمولیت انہیں اپنا نمائندہ منتخب کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے تاکہ وہ اپنے مسائل حل کر سکیں۔اس دوران انہوں نے کانگریس پارٹی کی لیڈر درشنا دیوی کی قیادت میں درجنوں خواتین کا اپنے حامیوں کے ساتھ اپنی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے منجیت سنگھ نے امید ظاہر کی کہ خواتین کی شمولیت سے باہو حلقہ میں اس کی جڑیں مضبوط ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی عوام کے لیے ایک امید بن کر ابھری ہے جس کی وجہ سے سماج کے مختلف طبقات پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔