اپنی سرزمین پر بڑا پھیر بدل!

0
0

بنگلہ دیش کی آسٹریلیا پر تاریخی جیت

Image result for bangladesh beats australia

یواین آئی

  • ڈھاکہ؍؍شکیب الحسن (85 رن پر پانچ وکٹ) کی ٹسٹ میں دوسری بہترین کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش نے اپنی سرزمین پر بڑا پھیر بدل کرتے ہوئے پہلے کرکٹ ٹسٹ کے چوتھے دن بدھ کو آسٹریلیا کے خلاف اپنی پہلی تاریخی جیت حاصل کی۔ حالانکہ آسٹریلیائی ٹیم نے دلچسپ مقابلے میں تیسرے دن میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی تھی لیکن چوتھے دن میزبان ٹیم کی گیند بازی نے مقابلے کے نتیجے کو ہی بدل کر رکھ دیا اور 365 رن کے ہدف کا تعاقب کررہی کنگارو ٹیم کو 70 اعشاریہ 5 اووروں میں 244 رن پر ڈھیر کرکے چار دنوں کے اندر ہی 20 رن سے میچ جیت لیا۔ بنگلہ دیش کی آسٹریلیا پر یہ پہلی ٹسٹ جیت بھی ہے ۔ دنیا کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب نے مین آف دی میچ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر میں دوسری بات پانچ وکٹ حاصل کرنے کی کامیابی حاصل کی ہے اور 28 اووروں میں 85 رن پر پانچ وکٹ لیکر آسٹریلیائی بلے بازوں کو آسان ہدف تک بھی پہنچنے نہیں دیا۔ اگرچہ شیر بنگال اسٹیڈیم میں آسٹریلیائی ٹیم کے کل کے ناٹ آؤٹ بلے بازوں ڈیوڈ وارنر (112) اور کپتان اسٹیون اسمتھ (37) نے 130 رنوں کی اہم سنچری والی شراکت داری ادا کی لیکن ان کی یہ کوشش ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکی اور بنگلہ دیش نے سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کرلی۔ آسٹریلیا نے صبح میچ میں کل کے 109 رن پر دو وکٹ سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا اور میچ میں اس کی حالت پوری طرح کنٹرول میں تھی۔ بلے باز وارنر 75 اور اسمتھ 25 رن بناکر کریز پر تھے اور ٹیم آٹھ وکٹ باقی رہتے ہوئے جیت سے صرف 156 رن ہی دور تھی لیکن میچ کا چوتھا دن پوری طرح بنگلہ دیشی گیند بازوں کے نام رہا جنہوں نے مہمان ٹیم کے باقی کے آٹھ وکٹ صرف 86 رنوں کے اندر ہی گرادیئے ۔ اگرچہ وارنر اور کپتان اسمتھ نے اپنی اپنی اننگز کو صبر سے آگے بڑھانے کی کوشش کی ۔ وارنر نے 135 گیندوں میں 16 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 112 رن کی سنچری والی اننگز کھیلی۔ وارنر نے اپنی 19 ویں ٹسٹ سنچری بھی مکمل کی اور تیسرے وکٹ کے لئے اسمتھ کے ساتھ 130 رنوں کی اہم شراکت داری بھی کی۔ ایک وقت دونوں بلے باز آسٹریلیا کو 28 رن پر دو وکٹ سے 158 تک لے گئے لیکن تبھی حسن نے وارنر کو ایل بی ڈبلیو کرکے اس شراکت داری کو توڑ دیا اور دن کا پہلا وکٹ بھی حاصل کیا۔ تقریباً چار اوور بعد کپتان اسمتھ نے مشفق الرحیم کو گیند تھماکر پویلین کی راہ لی۔ اسمتھ نے 99 گیندوں میں تین چوکے لگاکر 37 رنوں کا اضافہ کیا۔ اس کے بعد ٹیم کے باقی بلے باز ڈٹ کر کھڑے رہنے کی ہمت نہیں دکھا سکے اور آسٹریلیائی ٹیم وقفے وقفے پر وکٹ گنواتی رہی۔ پیٹر ہینڈس کونب 15 رن ہی بناسکے ۔ تجمل الاسلام نے انہیں سومیہ سرکار کے ہاتھوں کراکر آسٹریلیا کا پانچواں وکٹ گرایا۔ آسٹریلیائی ٹیم نے صبح کے سیشن میں اپنے پانچ وکٹ سستے میں ہی گنوادیئے اور لنچ کے بعد گلین میکسویل کو شکیب نے اپنی پہلی ہی گیند پر بولڈ کرکے باقی ماندہ امیدیں بھی ختم کردیں۔ میکسویل نے 25 گیندوں میں دو چوکے لگاکر صرف 14 رن بنا پائے ۔ اس کے بعد وکٹ کیپر میتھیو ویڈ چار رن بناکر شکیب کی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ ایشٹن ایگر کو دو رن پر تجمل الاسلام نے اپنی ہی گیند پر کیچ کرلیا اور 195 کے اسکور پر آسٹریلیا کے سات بلے باز کوواپس پویلین جانا پڑا۔ پیٹ کمنس 33 رن بناکر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے ۔ انہوں نے 55 گیندوں میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ لیکن دوسرے سرے پر انہیں کھلاڑیوں سے کوئی مدد نہیں ملی اور ناتھن لیون کو مہدی حسن معراج نے 12 رن اور جوش ہیزل وڈ کو تجمل نے صفر پر آؤٹ کرکے بنگلہ دیش کی آسٹریلیا پر پہلی تاریخی فتح دلادی۔ بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب نے اپنے 50 ویں ٹسٹ کا جشن 85 رن پر پانچ وکٹ لیکر منانا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 84 رن بھی بنائے اور میچ میں کل 10 وکٹ لیکر میزبان ٹیم کے سب سے کامیاب کھلاڑی رہے اور دنیا کے نمبر ایک ٹسٹ آل راؤنڈر کے درجے کو صحیح ثابت کیا۔ میچ میں ایشیا میں اپنا دوسرا اورمجموعی 19 ویں ٹسٹ سنچری بنانے والے آسٹریلیائی اوپنر وارنر کو چھوڑکر باقی سبھی بلے بازوں نے کافی جدو جہد کی اور وہ ٹرننگ وکٹ پر بنگلہ دیشی ٹیم کے تینوں اسپنروں کے سامنے کافی کمزور ثابت ہوئے ۔ پیٹر ہینڈس کونب ، میتھیو ویڈ اور ایشٹن ایگر لنچ سے پہلے یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے ۔ کمنس نے اپنی اننگز میں چند چھکے لگانے کی کوشش کی لیکن تجمل نے ہیزل وڈ کو آؤٹ کرکے ان کے پاس کوئی ساجھیداری نہیں چھوڑی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب کے علاوہ تجمل الاسلام نے 19 اعشاریہ 5 اووروں میں 60 رن پر تین وکٹ لئے نیز مہدی حسن معراج نے 80 رن پر دو وکٹ حاصل کئے ۔ اگر اب آسٹریلیا سیریز میں برابری کر بھی لیتی ہے تو اس شکست کا اس کی ٹسٹ رینکنگ پر خاصہ اثر پڑے گا اور وہ کھسک کر پانچویں نمبر آجائے گی اور اگر وہ پیر سے چٹگاؤں میں ہونے والا دوسرا میچ بھی ہار جاتی ہے تو وہ چھٹے نمبر پر پہنچ جائے گی۔مختصر اسکور:۔بنگلہ دیش پہلی اننگز 260 رن،دوسری اننگز 261 رن،آسٹریلیا پہلی اننگز 217 رن؛دوسری اننگز 244 رن؛۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا