خوردہ افراط زر اب بھی ریزرو بینک آف انڈیا کے ہدف کے دائرے کے درمیان ہے
یواین آئی
نئی دہلی؍؍ سبزیوں، دالوں اور تیار شدہ مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود اس سال مئی میں کنزیومر پرائس انڈیکس کی بنیاد پر خوردہ افراط زر میں معمولی راحت دیکھی گئی کیونکہ مئی 2024 میں یہ مہنگائی کم ہوکر 4.75 فیصد پر آ گئی جبکہ اپریل 2024 میں یہ 4.83 فیصد رہی تھی۔
وزارت شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی جانب سے آج جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مئی 2023 میں افراط زر کی شرح 4.31 فیصد تھی۔ خوردہ افراط زر اب بھی ریزرو بینک آف انڈیا کے ہدف کے دائرے کے درمیان ہے۔ ریزرو اسے چار سے چھ فیصد کے درمیان رکھنا چاہتا ہے اور اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے پالیسی ریٹ طے کیا جا رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق مئی 2024 میں سبزیوں، دالوں کے ساتھ ساتھ گوشت، انڈے اور تیار کردہ مصنوعات جیسے سافٹ ڈرنکس، تمباکو، پان وغیرہ کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا جبکہ اناج کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ مصالحہ جات کی قیمتوں میں نرمی دیکھنے میں آئی۔ پھلوں کی قیمتیں بھی کم ہوئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے کے دوران شہری علاقوں میں خوردہ افراط زر کی شرح 4.15 فیصد رہی جبکہ دیہی علاقوں میں 5.28 فیصد رہی۔ کھانے پینے کی اشیائ کی خوردہ افراط زر مئی 2024 میں 8.69 فیصد رہی جبکہ اپریل 2024 میں یہ 8.70 فیصد اور مئی 2023 میں 2.96 فیصد تھی۔ اشیائے خوردونوش کی مہنگائی شہری علاقوں میں 8.83 فیصد رہی جبکہ دیہی علاقوں میں یہ 8.62 فیصد تھی۔