آل ٹرائبل کو آر ڈینیشن کمیٹی کی بھوک ہڑتال دوسرے روز میں داخل
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ آل ٹرائبل کو آر دینیشن کمیٹی کی جانب سے اپنی دیرینہ مانگوں جن میں آصفہ قتل معاملہ میں انصاف،فاریسٹ رائٹ ایکٹ کا نفاذ،خواتین کو تحفظ شامل ہیں کے پیش نظر بھوک ہڑتال آج دوسرے روز بھی توی پل پر مہاراجہ ہری سنگھ کے پتلے کے پاس جا ری رہی ۔اس ضمن میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے آل ٹرائبل کو آرڈینیشن کمیٹی کے نائب چیئر مین چوہدری نزاکت کھٹانہ نے کہا کہ کمیٹی کے چیئر مین طالب حسین پیلئے کے مریض ہیں اور بھوک ہڑتال پر ان کی صحت بھی مزید متاثر ہوئی ہے ۔کھٹانہ نے مزید کہا کہ اس وقت تک انتظامیہ کی جانب سے کوئی بھی ان کے پاس نہیں پہنچا اور نہ ہی کوئی ڈاکٹر طبی معائنہ کیلئے آیا ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ہمارے پاس یہاں ریاست کے مختلف علاقہ جات سے لوگ آئے جبکہ صوبہ کشمیر سے مشتاق بڈگامی ،جموں یونیورسٹی سے پنکج شرما اور صوبہ جموں کے سانبہ،کٹھوعہ،ادھمپور،راجوری سے لوگوں نے بھوک ہڑتال پر بیٹھے لوگوں سے ملاقات کر ہمارے مشن میں مدد کی ۔انہوں نے کہا کہ بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کا ہمارا مقصد آصفہ کو انصاف دلانا،فاریسٹ رائٹ ایکٹ کا نفاذ،خواتین کو تحفظ فراہمی وغیرہ شامل ہیں۔