لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍اِنتظامی کونسل کی ایک میٹنگ آج یہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی جانب سے سٹارٹ اَپ اَقدامات کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم پیش رفت کے طور پر جموں و کشمیرسٹارٹ اَپ پالیسی 2024-27 ء کے لئے آپریشنل گائیڈ لائنز کو منظوری دے دی۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر، چیف سیکرٹری اتل ڈلو، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری نے شرکت کی۔
اِنتظامی کونسل نے19؍ فروری 2024ء کو منعقدہ اَپنی میٹنگ میں مذکورہ پالیسی کی منظوری دی تھی۔کونسل نے آج آپریشنل گائیڈ لائنز کو منظوری دے دی جس میں سٹارٹ اَپ کی شناخت، سیڈ فنڈنگ کی اہلیت تک رسائی، درخواست داخل کرنے کا عمل، شارٹ لسٹنگ اور سلیکشن، سیڈ فنڈز کی تقسیم، فنڈنگ گائیڈ لائنز، اَنٹرپرینیورشپ کی حوصلہ افزائی کے لئے سٹارٹ اپ ایوارڈز، انکیوبیٹرز اور سٹارٹ اپ، نیٹ ورکنگ اور سٹارٹ اپس میں تعاون کی ترقی کے لئے مارکیٹ تک رَسائی سے متعلق وسیع دفعات شامل ہیں۔پالیسی کی عمل آوری کے لئے جے کے اِی ڈِی آئی نوڈل ایجنسی ہوگی۔ یہ آپریشنل گائیڈ لائنز ایک متحرک اور مضبوط سٹارٹ اَپ ایکو سسٹم تشکیل دے کر جموں و کشمیر کے کاروباری ٹیلنٹ کی پرداخت اور حوصلہ افزائی کریں گی۔ اِس پالیسی کا مقصد جموں و کشمیر کے اچھی کارکردگی، صلاحیت اور اُمید افزا سٹارٹ اپس کو پہچاننا اور سہولیت فراہم کرنا ہے۔