مشیر نے جی ایم سی جموںکے مختلف پروجیکٹوں پر جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ، اس سے منسلک ہسپتالوں اور اداروں کے مختلف پروجیکٹوں پر جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں پرنسپل جی ایم سی جموں، چیف انجینئر آر اینڈ بی جموں، چیف انجینئرمیکنیکل اینڈہاسپٹل اِنجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ جموں، میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ جی ایم سی جموں، میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ ایس ایم جی ایس، ایڈمنسٹریٹر ایسوسی ایٹیڈ ہسپتال جی ایم سی جموں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جی ایم سی جموں میں جاری صحت پروجیکٹوں اور اس سے منسلک صحت سہولیات جیسے سٹیٹ کینسر اِنسٹی ٹیوٹ جموں، بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال جموں، جی ایم سی جموں میں سر کرنل آر این چوپڑا نرسنگ ہوم کی اَپ گریڈیشن۔سپر سپیشلٹی ہسپتال جموں میں ملٹی لیول پارکنگ کی تعمیر، ایس ایم جی ایس ہسپتال جموں میں لیبر روم کی توسیع اور دیگر سہولیات کے کاموں کا جامع جائزہ لیا۔اُنہوںنے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ ایل جی کی قیادت والی اِنتظامیہ جموں و کشمیر میں طبی بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے جس کا مقصد یہاں کے عوام کو صحت خدمات فراہم کرنا ہے۔ اُنہوں نے افسروںپر زور دیا کہ وہ ان اہم منصوبوں کی مؤثر نگرانی کریں تاکہ ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔مشیرموصوف نے پرنسپل جی ایم سی سے یہ بھی کہا کہ وہ تمام مکمل شدہ پروجیکٹوں کی کوالٹی ٹیسٹ کریں اور پروجیکٹ میں کسی بھی قسم کی خرابی کی اطلاع متعلقہ عمل آوری ایجنسی کو دیں۔اُنہوں نے شراکت دارمحکموں کے افسروںاور اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ان کے درمیان ہم آہنگی برقرار رکھیں تاکہ منصوبوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کیا جا سکے۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے مکمل شدہ پروجیکٹوں میں طبی مشینری اور دیگر آلات کی تعیناتی کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے عمل آوری ایجنسی کے افسران پر زور دیا کہ وہ مکمل شدہ پروجیکٹوں کو فوری طور پر حوالے کریں تاکہ انہیں عوامی اِستعمال کے لئے وقف کیا جاسکے۔اُنہوںنے میٹنگ میںافسران پر زور دیا کہ وہ جی ایم سی جموں کے کچھ صحت مراکز پر موجودہ آکسیجن جنریشن پلانٹس کی صلاحیت کو اَپ گریڈ کریں۔مشیر موصوف نے جائزے کے دوران عوام کو بہترین اور معیاری صحت خدمات فراہم کرنے میں جی ایم سی جموں اور متعلقہ سہولیات کے اہم کردار کاتسلیم کیا۔ اُنہوں نے شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔