چیف سیکرٹری نے سیکرٹریٹ کیمپس کا دورہ کیا اور وہاں کام کرنے والے ملازمین سے بات چیت کی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ اَٹل ڈولو 1989 بیچ کے ایک آئی اے ایس افسر جو کہ جموںوکشمیر یوٹی میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں،نے وزارتِ داخلہ میں بارڈر مینجمنٹ کے سیکرٹری کی حیثیت سے مختصر عرصے کے بعد آج جموںوکشمیر کے چیف سیکرٹری کا عہدہ سنبھالا ہے۔اَٹل ڈولو ایک اے جی ایم یوٹی کیڈر کے آئی اے ایس آفیسر ہونے کے ناطے اَپنی سروس کے زیادہ تر حصے میں جموںوکشمیر میں خدمات اَنجام دے چکے ہیں ۔ اس سے قبل وہ فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم کے طور پر مہلک کووِڈ۔19 بحران میں یوٹی کو کامیابی سے چلانے والے ایک کلیدی شخص رہے ہیں۔اِس برس جون میں مرکزی ڈیپوٹیشن پر جانے سے پہلے اَٹل ڈولو محکمہ زراعت کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے طور پرجموں و کشمیر میں خدمات انجام دے رہے تھے اور یہاں زرعی شعبے میں انقلاب برپا کرنے اور کسانوں کی آمدنی میں کئی گنا اضافہ کرنے کے مقصد سے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی )وضع کرنے میں اہم کردار اَدا کیا ہے۔اَٹل ڈدلو نے سابقہ ریاست میں اہم اَضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنر کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں اور اُنہیں 2013 ء میں یوم جمہوریہ پر شاندار عوامی خدمات کے لئے سٹیٹ ایوارڈ اور 1996 ء میں اسمبلی اِنتخابات کا کامیابی سے اِنعقاد کے لئے چاندی کا تمغہ سمیت متعدد اعزازات ملے ہیں۔بعدا َزاں، چیف سیکرٹری نے سیکرٹریٹ کیمپس کابھی دورہ کیا اور وہاں کام کرنے والے ملازمین سے بات چیت کی۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ وہ اَپنے مسائل کو براہِ راست ان کے دفتر یا جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈی) کے پاس لے جائیں۔انہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اس طرح کے تمام مسائل کے بارے میں آگے آئیں تاکہ ان کو میرٹ پر حل کیا جاسکے۔ انہوں نے ان سے ان کے کام اور متعلقہ سہولیات کے بارے میں پوچھا جو انہیں دستیاب ہیں۔ اُنہوں نے سیکرٹریٹ کیمپس میں جاری حفظان صحت اور تزئین و آرائش کے کاموں کا بھی نوٹس لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ احاطے کو جمالیاتی طورپربرقرار رکھیں تاکہ ملازمین اور لوگوں دونوں کو خوشگوار تجربہ حاصل ہو۔اس دورے کے دوران چیف سیکرٹری کے ہمراہ کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی، ڈائریکٹر اسٹیٹس جموں کے علاوہ دیگر متعلقہ سول اور پولیس افسران بھی تھے۔