لازوال ڈیسک
سرینگراونتی پورہ میں وکٹر فورس ہیڈ کواٹر کے نزدیک پُر اسرار دھماکہ میں چرواہا موقعے پر ہی ہلاک ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق اونتی پورہ میں وکٹر فورس ہیڈ کواٹر کے نزدیک اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کاماحول پھیل گیا جب زور درا دھماکہ ہوا اس دوران لوگ جائے موقع پر پہنچ گئے اور اُن کے پیروں تلے اُس وقت زمین کھسک گئی جب انہوںنے مقامی چرواہے کو خون میں لت پت دیکھا ۔ اگر چہ چرواہے کو فوری طورپر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اُس کو مردہ قرار دیا۔ نمائندے کے مطابق چرواہے کی شناخت عاشق حسین چوپان ولد غلام محمد ساکنہ گترو ترال کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے کہ وکٹر فورس کیمپ کے نزدیک کس طرح سے دھماکہ ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ چرواہے نے زیرِ زمین بارودی سرنگ پر پیر رکھا جس کی وجہ سے زور دار دھماکہ ہوا ۔ تاہم پولیس ذرائع نے بتایا کہ جس جگہ دھماکہ ہوا وہ فوج کے زیر تحویل علاقہ ہے اور وہاں پر تربیت کی جاتی ہیں۔