کہاوزیر اعظم نریندر مودی کی گارنٹی پر کوئی بھروسہ نہیں ہے لیکن کیجریوال کی گارنٹی پر سب کو بھروسہ ہے
یواین آئی
نئی دہلی؍؍دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ملک کے تمام لوگوں کے مفت علاج کو یقینی بنانے سمیت دس گارنٹیوں کا اعلان کیا اور کہا کہ اگر انڈیا گروپ کی حکومت بنتی ہے تو وہ اسے اپنے اتحادیوں سے پورا کرائیں گے۔عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر کیجریوال نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی گارنٹی پر کوئی بھروسہ نہیں ہے لیکن کیجریوال کی گارنٹی پر سب کو بھروسہ ہے۔ انہوں نے دہلی اور پنجاب میں لوگوں کو دی گئی گارنٹی پوری کر دی ہے لیکن وزیر اعظم نے ہر سال دو کروڑ لوگوں کو نوکریاں دینے اور ہر شہری کے کھاتے میں 15 لاکھ روپے دینے سمیت کسی بھی گارنٹی کو پورا نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر انڈیا گروپ کی حکومت بنتی ہے تو ہم پورے ملک میں 24 گھنٹے بجلی کا بندوبست کریں گے۔ ہمارے پاس مانگ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے اور ہم اسے کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں غریبوں کو دو سو یونٹ مفت بجلی دی جائے گی۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ اگر کسی ملک میں تعلیم کی کمی ہے تو وہ ملک ترقی نہیں کرے گا۔ اگر انڈیا گروپ کی حکومت بنتی ہے تو ہم ملک کے تمام سرکاری اسکولوں کو شاندار بنائیں گے اور بچوں کو اچھی تعلیم دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لوگ صحت مند ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا سب کے لیے اچھے علاج کا بندوبست کیا جائے گا۔ ملک کے تمام لوگوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ پورے ملک میں محلہ کلینک اور اسپتال بنائے جائیں گے تاکہ لوگوں کو اچھا علاج مل سکے۔انہوں نے کہا کہ چین نے ہماری زمین پر قبضہ کیا لیکن ہماری حکومت نہیں مانتی۔ اسے لوگوں سے چھپانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ چین کے قبضے سے تمام زمین واپس لائیں گے۔ اس کے لیے سفارت کاری کے ساتھ فوج کو بھی آزادی دی جائے گی۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ اگنی ویر یوجنا بند کر دی جائے گی۔ اب تک جن لوگوں کو اگنی ویر اسکیم کے تحت فوج میں بھرتی کیا گیا ہے ان کی مستقل کیا جائے گا۔ فوج پر جتنا پیسہ خرچ کرنے کی ضرورت ہے وہ کیا جائے گا۔ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ان کی فصل کی پوری قیمت دی جائے گی۔ تمام فصلیں ایم ایس پی کے مطابق خریدی جائیں گی۔ اے اے پی کے لیڈر نے کہا کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے گا۔ یہ یہاں کے لوگوں کا بہت پرانا مطالبہ ہے۔
اے اے پی لیڈر نے کہا کہ حکومت بننے کے بعد بے روزگاری کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ ایک سال میں دو کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چوراہے پر بی جے پی کی واشنگ مشین کو توڑا جائے گا اور پورے ملک کو بدعنوانی سے پاک کیا جائے گا۔ ایمانداروں کو جیلوں میں ڈالنے اور بدعنوانوں کو تحفظ دینے کا رواج ختم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کو آسان بنایا جائے گا تاکہ تاجروں کو اپنے کاروبار کو صحیح طریقے سے چلانے میں مدد ملے۔ جی ایس ٹی کو پی ایم ایل اے سے باہر کیا جائے گا۔ ہمارا مقصد چین کو تجارت اور صنعت میں پیچھے چھوڑنا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کیجریوال کی گارنٹی پر بھروسہ ہے اور انڈیا گروپ دہلی کی تمام سات سیٹیں حاصل کرنے والا ہے۔